کراچی مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس کے ٹارگٹڈ آپریشن متعدد افراد گرفتار
ہولیس اور رینجرز نے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ کارروائیوں کے دوران درجنوں مشتبہ افراد کو حراست میں لےکر ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔
کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف رینجرز کی کارروائیاں جاری ہیں۔ جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر رینجرز نے قائد آباد کا محاصرہ کیا۔ سالار گوٹھ اور کوئی گوٹھ میں کارروائی میں 500 رینجرز اہلکاروں نے حصہ لیا جن میں خواتین اہلکار بھی شامل تھیں جب کہ سراغ رساں کتوں کی بھی مدد حاصل کی گئی۔ کئی گھنٹے جاری رہنے والے آپریشن کے دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستے سیل کرکے آمدروفت معطل کردی گئی۔ رینجرز نے کوئی گوٹھ میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 19 مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر مختلف اقسام کے ہتھیار برآمد کیے ہیں جب کہ سالار گوٹھ سے بھی متعدد افراد کو گرفتار کرکے بھاری اسلحہ قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
دوسری جانب بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات پولیس نے صدر میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چار ہوٹلوں پر چھاپے مارے تاہم چھاپوں کے دوران کوئی مشتبہ شخص حراست میں نہیں لیا گیا۔