کاغذات نامزدگی واپس لینے کا آج آخری دن کل امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہوگی
انتخابی امیدواروں کے پاس کاغذات نامزدگی واپس لینے کا آج آخری دن ہے جبکہ الیکشن کمیشن کل امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردے گا۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق 17 اپریل تک جن الیکشن ٹریبونل نے ریٹرننگ افسسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں کی سماعت نہیں کی، وہ مسترد ہوچکی ہیں۔ آج پارٹی کا انتخابی نشان حاصل کرنے کیلئے امیدواروں کی جانب سے پارٹی سرٹیفکیٹ جمع کرانے یا ان کی جانب سے کاغذات نامزدگی واپس لینے کا دن ہے جس کے بعد الیکشن کمیشن جمعے کو ملک بھر میں امیدواروں کی حتمی فہرست آویزاں کر دے گا۔
واضح رہے کہ قانون کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہونے کے بعد اگر کسی امیدوار کا انتقال ہوجاتا ہے تو اس حلقے میں انتخاب کو ملتوی کردیا جائے گا اور وہاں عام انتخابات کے بعد پولنگ کے لئے نیا شیڈول جاری ہوگا۔