کراچی نیوچالی میں ایس آئی یو پولیس کی کارروائی بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد

اخبار کے نام سے قائم دفتر سے پورے شہر کو اسلحے کی ترسیل کی جاتی تھی، ڈی ایس پی ایس آئی یو پولیس

اسلحے کی ترسیل کرنے والے ملزمان کا تعلق خطرناک جرائم پیشہ گروہ سے ہے جنہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا، ایس ایس پی فاروق اعوان فوٹو: محمد نعمان/ ایکسپریس

پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے نیو چالی کے علاقے میں کارروائی کرکے اخبار کے جعلی دفترسے بڑی تعداد میں خطرناک اسلحہ برآمد کرلیا۔


ایکسپریس نیوز کے نمائندے کے مطابق چھاپہ مقصود چیمبر کی ساتویں منزل میں اخبار کے نام سے قائم دفتر میں مارا گیا جہاں سے بڑی تعداد میں کارتوس، کلاشنکوف، رپیٹرز اور دیگراسلحہ برآمد کیا گیا۔ ڈی ایس پی ایس آئی یو کے مطابق اخبار کے نام سے قائم دفتر سے پورے شہر کو اسلحے کی ترسیل کی جاتی تھی اور کارروائی کے دوران اسلحے کے علاوہ وہاں موجود کمپیوٹر، لیپ ٹاپ اور دیگر سامان بھی تفتیش کے لئے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ فاروق اعوان کا کہنا تھا کہ اطلاعات کے مطابق اسلحے کی ترسیل کرنے والے ملزمان کا تعلق خطرناک جرائم پیشہ گروہ سے ہے جنہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا جبکہ دفتر کے مالک سے متعلق بھی تفتیش کی جارہی ہے۔
Load Next Story