پریزیڈنٹ ٹرافی کرکٹ واپڈا نے نیشنل بینک پر بجلیاں گرا دیں

رفعت اللہ مہمند کی سنچری، جنید نے چار وکٹیں لیں، ٹیم 119 رنز سے فتحیاب، آج فائنل میں سوئی گیس سے مقابلہ ہوگا۔

پریذیڈنٹ ٹرافی: رفعت سنچری کی تکمیل پر ساتھیوں کی داد کا جواب دے رہے ہیں۔ (فوٹو: راشد اجمیری)

KARACHI:
پریذیڈنٹ کپ ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں واپڈا نے نیشنل بینک پربجلیاں گرا دیں۔

رفعت اللہ مہمند کی سنچری کے بعد جنید خان نے چار وکٹیں لے کر ٹیم کو 119 رنز کے واضح فرق سے فتح دلا دی،ٹرافی کیلیے جمعے کونیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہی واپڈا کا مقابلہ سوئی ناردرن گیس سے ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق دوسرے سیمی فائنل میں این بی پی کے کپتان فواد عالم کا ٹاس جیت کر حریف ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دینا مہنگا ثابت ہوا،واپڈا نے آسان پچ کا بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹ پر330 رنز کا پہاڑ کھڑاکر ڈالا، مسلسل شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے اوپنر رفعت اللہ مہمند نے اس مرتبہ بھی رنز کا انبار لگا دیا، انھوں نے ٹورنامنٹ میں تیسری سنچری جڑتے ہوئے118 گیندوں پر 115 رنزبنائے،اس میں ایک بلند و بالا چھکا اور16 چوکے شامل تھے۔


دوسرے اوپنر سعد نسیم نے 63 گیندوں پر ایک چھکے اور6 چوکوں کی مدد سے57 رنز کا حصہ ڈالا، پہلی وکٹ کیلیے135 رنز کی شراکت فاتح ٹیم کی کامیابی کی بنیاد ثابت ہوئی،شعیب مقصود نے بھی ٹورنامنٹ میں اپنی عمدہ کارکردگی کا تسلسل قائم رکھا اور 68 رنز بنائے، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 7 چوکے شامل رہے،محمد ایوب 23 گیندوں پر ایک چھکے اور 5چوکوں کی مدد سے 37 رنز بناکر پویلین لوٹے،عامر سجاد نے بھی حریف بولرزکی پٹائی کی اور27 گیندوں پر 31رنز اپنے نام کیے،کپتان رانا نوید الحسن9گیندوں پر13رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔



محمد اعظم،عزیر الحق،محمد نواز اور فواد عالم1،1وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے،جواب میں این بی پی کی ٹیم واپڈا کی بولنگ کی تاب نہ لا سکی اور 40.2اوورز ہی میں211 رنز پر آؤٹ ہو گئی، کپتان فواد عالم ہی کسی حد تک وکٹ پر ٹھہر سکے ، انھوں نے 58 گیندوں پر 60 رنز اسکور کیے جس میں 5 چوکے بھی شامل تھے، عمر وحید نے31 رنز بنائے، کامران اکمل ایک بار پھر ناکام رہے اور 17 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے26 رنز بنا کر چلتے بنے۔

انھیں ناصر نے ایل بی ڈبلیو کیا،سمیع عالم نے27 رنز بنائے،جنید خان نے آخری 3 بیٹسمینوں ضیا الحق(1) ، عزیر (1) اور عمران خان (صفر) کو بولڈ کر کے حریف ٹیم کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا،انھوں نے 7.2 اوورز میں 36رنز کے عوض 4کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ناصر ملک کے حصہ میں 2وکٹیں آئیں،رانا نوید الحسن، سعد نسیم اور عامر سجاد نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔
Load Next Story