گھٹنے کا آپریشن عمر گل مئی میں آسٹریلیا روانہ ہوں گے

انجری کے سبب چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے والے پیسر کا علاج ڈاکٹر ینگ سے کرایا جائیگا۔

انجری کے سبب چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے والے پیسر کا علاج ڈاکٹر ینگ سے کرایا جائیگا۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
انجری کے سبب چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے والے عمر گل گھٹنے کے آپریشن کیلیے مئی میں آسٹریلیا روانہ ہوں گے۔

پیسر کی جلد صحتیابی کیلیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے ماضی میں انضمام الحق اور شعیب اختر کا علاج کرنے والے ڈاکٹر الیگزینڈر ڈیوڈ ینگ سے رابطہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق عمر گل جنوبی افریقہ سے ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ کے بعد گھٹنے میں تکلیف کی وجہ سے باقی 2مقابلوں میں شرکت سے محروم رہ گئے تھے،وہ پریذیڈنٹ کپ ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کرسکے۔

ایم آر آئی میں شدید نوعیت کی انجری سامنے آنے کے بعد پیسر جون میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی میں بھی حصہ نہیں لے سکیں گے۔ پی سی بی نے آسٹریلوی سرجن ڈاکٹر الیگزینڈر ڈیوڈ ینگ سے رابطہ کیا تھا جھوں نے رپورٹس دیکھنے کے بعد سرجری کرانے کا مشورہ دیا، پیسر کو مکمل طور پر صحتیابی کیلیے 8 سے 12 ہفتوں کا وقت درکار ہوگا۔




یاد رہے کہ ڈاکٹر ینگ اس سے قبل کئی انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے آپریشن کر چکے، ان میں پاکستانی فاسٹ بولر شعیب اختر اور سابق کپتان انضمام الحق بھی شامل ہیں۔بورڈ ذرائع کے مطابق عمر گل آپریشن کیلیے مئی کے پہلے ہفتے میں میلبورن روانہ ہوں گے، انگلینڈ میں 3 سے 23 جون تک شیڈول چیمپئنز ٹرافی میں فاسٹ بولنگ کا بوجھ محمد عرفان، جنید خان، احسان عادل اور راحت علی کو اٹھانا پڑے گا۔

یاد رہے کہ عمر گل نے 47 ٹیسٹ میں163 وکٹیں حاصل کی ہیں، پیسر 116 ون ڈے میچز میں161 اور 52 ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں 74 شکار کرنے میں بھی کامیاب ہوئے۔
Load Next Story