معاشرے سے پولیو کا خاتمہ حکومت کی ذمے داری ہےعلوی

انسداد پولیو مہم کی ٹیموں کومکمل سیکیورٹی فراہم کی جائیگی، اجلاس میں یقین دھانی

گڈاپ میں پولیو کیس سامنے آئے ہیں، بریفنگ، سندھ میں مہم سے متعلق اقدامات پرغور فوٹو: فائل

نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) زاہد قربان علوی نے صوبہ سندھ میں انسداد پولیو سے متعلق اقدامات اور پولیو مہم کے سلسلے میں سیکریٹری جنرل انٹرنیشنل مانیٹرنگ بورڈ (جی پی ای آئی) ڈاکٹر پائول روتر کے ساتھ وزیراعلیٰ ہائوس میں اجلاس منعقد کیا ۔

اجلاس میں پاکستان پولیو پلس کمیٹی کے نیشنل چیئرمین عزیزمیمن، پی ایم مانیٹرنگ سیل کے ڈاکٹر الطاف بوسن، سیکریٹری صحت ڈاکٹر سریش کمار،طحہٰ فاروقی،مظہرخمیسانی،ڈاکٹراحمد علی شیخ ،ڈاکٹر صالح تومصح، یونیسف کے ڈاکٹرشوکت ودیگر نے شرکت کی۔ نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ معاشرے سے پولیو کے خاتمے کیلیے ٹھوس اقدامات اٹھانا ہماری ذمے داری ہے اورپاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کے لیے تمام تراقدامات اور تعاون کیا جائے گا ۔

نگران وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس کے شرکا کوانسداد پولیو مہم کی ٹیموں کو مکمل سیکیورٹی اور تحفظ فراہم کرنے کیلیے صوبائی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ گڈاپ کراچی میں پولیو کیسسز سامنے آئے ہیں وہاںحفظان صحت کی صورتحال تسلی بخش نہیںہے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ایگزٹ پوائنٹس پر پولیو کی ویکسینیشن کی سہولت فراہم کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جاسکیں۔




جی پی ای آئی کے سیکریٹری جنرل نے نگراں وزیراعلیٰ سندھ سے کہا کہ پولیو مہم کے دوران فیلڈ ٹیموں کو زیادہ سے زیادہ سیکیورٹی فراہم کی جائے تاکہ وہ بلاخوف وخطر کے اپنے فرائض انجام دے سکیں۔ نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس سندھ اور ڈی جی رینجرز کو پولیو ٹیموں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کیلیے ہدایات کی اورکہا کہ ڈپٹی کمشنرز متعلقہ اضلاع میں انسداد پولیو مہم کی نگرانی کریں گے اور یونین کونسل سطح تک اس کی مانیٹرنگ کی جائے۔

نگراں وزیراعلیٰ نے گڈاپ میں انسداد پولیو مہم کیلیے مقامی کمیونٹی کی نمائندہ خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کے ساتھ ساتھ لوگوں میں شعوراورآگہی پیدا کرنے کی ضرورت پر زوردیا تاکہ لوگ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرورپلائیں۔
Load Next Story