کراچی میں رمضان کرکٹ ایونٹس خطرات کا شکار

این اوسی کیلیے پی سی بی کا منتظمین کو5سے15لاکھ روپے جمع کرانے کا حکم

این اوسی کیلیے پی سی بی کا منتظمین کو5سے15لاکھ روپے جمع کرانے کا حکم۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
پی سی بی کی نرالی منطق کی بدولت کراچی میں ثقافتی علامت بن جانے والے رمضان کرکٹ مقابلوں کا انعقاد خطرے میں پڑگیا، بورڈ نے رمضان کرکٹ فیسٹیول کی این اوسی جاری کرنے کے لیے منتظمین کو5 سے15 لاکھ روپے جمع کرانے کا حکم جاری کردیا۔

بورڈ نے رمضان کرکٹ ٹورنامنٹس کے تمام آرگنائزرز کو مشروط این اوسی جاری کرتے ہوئے ضابطہ پر عمل پیرا ہونے کی ہدایت دی ہے، پی سی بی کی ٹورنامنٹ ایولیشن کمیٹی کی جانب سے جاری کیے جانے والے حکم میں کہا گیاکہ نجی کرکٹ ایونٹس کے حوالے سے قواعد کے مطابق رمضان کرکٹ کے لیے عبوری این او سی جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،ایسے ایونٹس جن کے میچز ٹیلی ویژن پر نشر نہیں ہوں گے ان کے منتظمین کو 5 لاکھ روپے کی مشروط فیس جمع کرانی ہوگی، جن ایونٹس کے مقابلے نشر ہوں گے ان کے منتظمین کو 15 لاکھ روپے کی رقم بطور فیس ادا کرنی ہوگی۔


دوسری جانب کراچی میں رمضان کرکٹ مقابلے کرانے والے آرگنائزرز نے پی سی بی کیاس اقدام کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے اسے فی الفور واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ بورڈ کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز ہارون رشید رمضان کرکٹ کا گلا گھوٹنے کی کوشش کررہے ہیں۔

آرگنائزر نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ پی سی بی کو اتنی خطیر رقم فیس کی مد میں ادا نہیں کرسکتے، اس سے قبل محض بورڈ این او سی جاری کردیا کرتا تھا، رمضان کرکٹ میں پہلی بار اس طرح کا ظالمانہ اقدام اٹھایا گیا جو ناقابل قبول ہے، رمضان کرکٹ کیلیے پیسے مانگنا کراچی دشمنی ہے، رمضان کرکٹ شہر قائد کی ثقافت میں شامل ہوچکی جسے روکنے کی مذموم کوشش ہو رہی ہے، انھوں نے مطالبہ کیاکہ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اس معاملے پر فوری نوٹس لیں، بصورت دیگر بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

 
Load Next Story