لوڈشیڈنگ سے صنعتیں متاثر ہو رہی ہیں وزیر اعلیٰ سندھ

صنعتکاروں سے ملاقات، مایوس کن رہی، وزیر اعلیٰ کو مسائل کا علم ہی نہیں، ارشد وہرہ

وزیر تجارت کو لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کرانے کیلیے اقدامات کی ہدایت کر دی، نگراں وزیراعلیٰ سندھ زاہد قربان علوی فوٹو: فائل

نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) زاہد قربان علوی نے اعتراف کیا ہے کہ کے ای ایس سی کی لوڈ شیڈنگ سے صنعتی عمل شدید متاثر ہورہا ہے، میں نے وزیر تجارت وصنعت خالد تواب کو خصوصی ہدایت کی ہے کہ وہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم سے کم کرانے کے لیے اقدامات کریں۔

انہوں نے یہ بات جمعہ کو وزیر اعلیٰ ہاؤس میں فیڈریشن چیمبر، کراچی چیمبر، تجارتی اور صنعتی ایسوسی ایشنز کے نمائندوں سے ملاقات میں کہی،اس موقع پر وزیر تجارت وصنعت خالد تواب،صوبائی وزرا اور مشیران میاں زاہد حسین، ہارون فاروقی ودیگر، ایف پی سی سی آئی کے قائم مقام صدر شاہین الیاس سروانہ،کے سی سی آئی کے صدر ہارون اگر،سینئر نائب صدر شمیم فرپو، تاجررہنما سراج قاسم تیلی،ایس ایم منیر،سائٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین ڈاکٹرارشد وہرہ،نوراحمدخان اور دیگر تاجر رہنما بھی موجود تھے۔

دریں اثناء نگراں صوبائی وزیر خالد تواب نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے بھی ملاقات کی اور ان سے صنعتی علاقوں میں جاری 8 گھنٹے سے زائد کی لوڈ شیڈنگ سے صنعتکاروں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔اس حوالے سے صوبائی وزیر خالد تواب نے بتایا کہ گورنرسندھ کوشہر میں جاری لوڈشیڈنگ اور بالخصوص صنعتی علاقوں فیکٹریوں کی بندش سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا اور توقع ہے کہ ایک دوروز میں صنعتکاروں کو لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے جان چھوٹنے کے امکانات ہیں۔




دوسری جانب نگراں وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات کو سائٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین ڈاکٹرارشد وہرہ نے مایوس کن قرار دیا اور کہا کہ وزیراعلیٰ کو صنعتی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ اور صنعتکاروں کے مسائل کے بارے میں معلوم ہی نہیں اور انکا کہنا تھا کہ انہوں نے توکراچی کے صنعت کاروں اور تاجرنمائندوں کوصرف چائے پر بلایا ہے مسائل سننے کے لیے نہیں بلایا۔

نارتھ کراچی ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ نور احمدخان نے کہا کہ ہم نے وزیراعلیٰ سے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل کرائیں جس پر انہوں نے ہم سے کہا کہ وہ سکھر جارہے ہیں اورتین روزبعد آکر اس سلسلے میں مزید معلومات حاصل کریں گے۔ دوسری جانب کاٹی کے چیئرمین زبیر چھایا نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کوئی کمی نہیں ہوئی جبکہ کے ای ایس سی الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مترادف یہ کہہ رہی ہے کہ وہ لوڈ شیڈنگ کرہی نہیں رہی۔
Load Next Story