مجھے خیرات میں کنونیر شپ نہیں چاہیے فاروق ستار

نواز شریف نے ملک کو کمزور اور غیر مستحکم کرنے کی سازش کی، فاروق ستار

نواز شریف نے ملک کو کمزور اور غیر مستحکم کرنے کی سازش کی،فاروق ستار۔ فوٹو:فائل

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا ہے کہ مجھے خیرات میں کنونیر شپ نہیں چاہیے کیوں کہ کل الیکشن میں کوئی گڑبڑ ہوگئی تو سارا ملبہ میرے سر پر ہوگا۔

ایم کیو ایم ورکر کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ مجھے خیرات میں کنونیر شپ نہیں چاہیے کیوں کہ کل الیکشن میں کوئی گڑبڑ ہوگئی تو سارا ملبہ میرے سر پر ہوگا اور اگر اقتدار کی سیاست پارٹی کے اندر ہو تو میں اسکا حصہ نہیں بننا چاہتا جب کہ میں کارکن بن کر ایم کیو ایم کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہوں، اس بار میں الیکشن نہیں لڑوں گا آپ کو الیکشن اور رابط کمیٹی مبارک ہو۔

فاروق ستار نے کہا کہ میں کل بھی، آج بھی اور ہمیشہ ایم کیو ایم کے ساتھ رہوں گا، مر بھی جاؤں گا لیکن پارٹی نہیں چھوڑوں گا کیوں کہ میں عوام سے الگ نہیں ہوسکتا اور نہ ہی میں سیاست سے الگ ہو رہا ہوں جب کہ میں آج خود کو کارکن کی حیثیت سے پیش کرتا ہوں۔


فاروق ستار نے الیکشن سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سیاسی جماعتیں انتخابات کی تیاری کر رہی ہیں، انتخابی نشان الاٹ کرانے کے لیے الیکشن کمیشن نے جماعتوں کو دعوت بھی دے دی ہے جب کہ سیاسی جماعتیں الیکشن سے قبل جلسے کر رہی ہیں اور اسی وجہ سے کراچی میں بھی جلسوں کی بہار آئی ہوئی ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ رابطہ کمیٹی اپنے گوشوارے کارکنان کے سامنے پیش کرے اور جو لوگ پی ایس پی میں گئے ہیں وہ بھی اپنے گوشواروں کا حساب دیں اگر کرپشن کا خاتمہ چاہتے ہیں تو تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور اُمیدواروں کے گوشوارے عوام کے سامنے رکھنا ہوں گے۔

فاروق ستار نے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے جو انٹرویو دیا ہے اس سے دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی جب کہ نواز شریف کا ممبئی حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا بیان افسوس ناک اور ملک کو کمزور اور غیر مستحکم کرنے کی سازش ہے، نواز شریف پہلے اپنے وجود سے پاکستان کی سرزمین کو پاک کریں اور پھر دوسروں کے لیے بیان دیں، نواز شریف کے بیان سے ایسا لگتا ہے یہ بیان کسی غیر ملکی ایجنٹ نے دیا ہے۔
Load Next Story