قومی ہیروکی ناگفتہ حالت میں رخصتی المیہ ہے شاہد آفریدی

ہاکی کا بڑا نام تھے،ملک کیلیے خدمات ہمیشہ یادرکھی جائیں گی، آل راؤنڈر

ہاکی کا بڑا نام تھے،ملک کیلیے خدمات ہمیشہ یادرکھی جائیں گی، آل راؤنڈر۔ فوٹو: فائل

ممتاز کرکٹر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ یہ قومی المیہ ہے کہ پاکستان کا ایک بہت بڑا ہیرو انتہائی ناگفتہ حالت میں دنیا سے چلا گیا۔

شاہد خان آفریدی نے اولمپئن منصور احمد کی نماز جنازہ کے بعد سلطان مسجد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منصور احمد ایک بڑا نام تھا، پاکستان کے لیے انھوں نے گراں قدر خدمات سر انجام دیں، میں چھوٹا تھا تو ان کے کارنامے اور تصویریں دیکھتا تھا، ان کی رحلت پر افسوس ہوا۔


آل راؤنڈر نے کہا کہ یہ ایک سانحہ تھا لیکن دنیا کی سب سے بڑی سچائی موت ہے، جس کا وقت اور مدت مقرر نہیں، سب نے اس دنیا سے چلے جانا ہے لیکن جس حالت میں منصور احمد دنیا سے گئے وہ افسوسناک ہے، میں نے اور میری فاونڈیشن نے ہرممکن کوشش کی کہ ان کیلیے کچھ کیا جاسکے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ یہ امر بھی افسوسناک رہا کہ اتنے عظیم کھلاڑی کے جنازے پر کوئی بڑی شخصیت نظر نہیں آئی، کسی ملک میں ایسا انسان مرجائے تو بڑی بڑی شخصیات اس حوالے سے سوشل میڈیا پر اپنے جذبات کا اظہارکرتی ہیں لیکن یہاں پر کوئی احساس ہی نہیں، اتنا بڑا لیجنڈ کس حالت میں دنیا سے گیا، انھوں نے کہا کہ یہ پہلو بھی تکلیف دہ رہا کہ کوئی حکومتی فرد بھی اس موقع پر موجود نہیں تھا، ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ اولمپئن منصور احمد کے لواحقین کیلیے جو ہوسکا کیا جائے گا۔

 
Load Next Story