مشرف کے ساتھ جو ہورہا ہے مکافات عمل ہے چوہدری نثار

فوجی وردی پہن کر مکا دکھانے والے کی اصلیت سامنے آگئی، وہ بڑی ڈیل کے تحت واپس آئے

کھوسو بھی ایوان صدر کے طواف کررہے ہیں، مشرف کیس میں نگراں حکومت پس و پیش کریگی فوٹو : فائل

مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ مشرف کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے وہ مکافات عمل اور مقام عبرت ہے۔

مشرف بڑی ڈیل کے تحت واپس آئے، یہ وہی ڈیل ہے جس کے تحت انھوں نے استعفیٰ دیا اور گارڈ آف آنر لے کر رخصت ہوئے۔ جمعے کو پارلیمنٹ ہائوس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مشرف ڈیل میں غیر ملکی طاقتیں ملوث ہیں'حق و انصاف پر فیصلہ دینے پر عدلیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، موجودہ نگراں حکومت پیپلز پارٹی کی نامزد کردہ اور پی پی پی حکومت کا تسلسل ہے'گیلانی اور پرویز اشرف کے بعد کھوسو صاحب بھی ایوان صدر کے طواف میں لگے ہوئے ہیں۔




انھوں نے کہا کہ جو شخص پاک فوج کی باعزت وردی پہن کر پستول لگاتے ہوئے قوم کو مکا دکھائے اور دھمکیاں دے ،قانون کے کٹہرے میں اس کی اصلیت پوری دنیا پر اجاگرہو گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے ساتھ جو کچھ ہونا ہے وہ پاکستان کے سیاسی مستقبل کیلیے انتہائی اہم ہے۔ میں نے کہا تھا کہ اگر حکومت نہیں کرتی تو آرٹیکل 6 کے تحت میں عدالت جائوں گا مگر آئین میں اس کی گنجائش نہیں مدعی صرف حکومت بن سکتی ہے۔ چوہدری نثارنے کہا کہ مشرف کے خلاف مقدمات کے حوالے سے نگراں حکومت پس و پیش کرے گی۔
Load Next Story