قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ افسوس ناک ہے جسے مسترد کرتا ہوں نوازشریف

پتہ کرنا ہوگا کہ ملک میں دہشت گردی کی بنیاد کس نے رکھی، نوازشریف

ہمارا کتنا پیارا ملک تھا اب ایسے دیکھ کر تکلیف ہوتی ہے، نواز شریف: فوٹو: فائل

سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ افسوس ناک ہے جسے مسترد کرتا ہوں۔

احتساب عدالت کے باہرمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ افسوس ناک اور تکلیف دہ ہے جسے مسترد کرتا ہوں۔ نوازشریف نے کہا اب پتہ کرنا ہوگا کہ ملک میں دہشت گردی کی بنیاد کس نے رکھی اور ذمہ دار کون ہے، ہمارا کتنا پیارا ملک تھا اب ایسے دیکھ کرتکلیف ہوتی ہے، اب معلوم کیا جائے کہ ملک کو یہاں تک کس نے پہنچایا۔

'' دنیا میں ہم تنہا ہو چکے ہیں ''



نوازشریف کا کہنا تھا کہ مجھے بتادیں کوئی ملک ہمارے ساتھ کھڑا ہے، دنیا میں ہم تنہا ہو چکے ہیں، قومی کمیشن قومی ضرورت ہے، دوسرے ممالک کے ساتھ ہماری دوستیاں ہورہی تھیں، خواجہ آصف سے پوچھیں دوسرے ممالک نے میرے متعلق کیا رائے دی۔ نواز شریف نے کہا کہ ڈان لیکس کے وقت سکیورٹی اجلاس میں بھی یہی بات کی تھی اورسکیورٹی کمیٹی میں کی گئی انہی باتوں کو ڈان لیکس کا نام دے دیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزوزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں نوازشریف کے ممبئی حملوں سے متعلق بیان کو مسترد کردیا گیا تھا۔

Load Next Story