ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں صرف بولرز کی فائن ٹیوننگ کی ضرورت ہے وسیم اکرم
بولرز کو سکھانا ہے کہ بے جان وکٹ پر بال کس طرح کی جاتی ہے اور فاسٹ بولرز کو کتنا جارحانہ ہونا چاہئےے، وسیم اکرم
سابق آل راؤنڈر وسیم اکرم نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے صرف بولرز کی فائن ٹیوننگ کی ضرورت ہے۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں فاسٹ بولنگ کیمپ کے پہلے دن پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ نوجوان صرف ڈبل مائند کا شکار ہو جاتے ہیں، کیمپ میں موجود بولرز کو سکھانا ہوگا کہ بے جان وکٹ پر بال کس طرح کی جاتی ہے اور انہیں یہ بھی سکھانا ہے کہ فاسٹ بولرز کو کتنا جارحانہ ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کیمپ میں موجود بولرز پر زیادہ توجہ دیں گے اوران کو دنیا بھرمیں پچز کے فرق اور ان کے ٹارگٹ کے بارے میں بتانا ہے۔
فاسٹ بولر عمر گل کے بارے میں بات کرتے ہوئے وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ عمر گل ایک بہترین بولر ہے اورکیمپ میں ان کی کمی محسوس ہوگی، امید ہے کہ ان کی گھنٹے کی تکلیف جلد دورہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کوچز کی خدمات حاصل کرنا پی سی بی کا دائرہ اختیار ہے اوراس معاملے پربات نہیں کرسکتے، جب ان سے ان کی شادی کے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ فی الحال ابھی شادی کا کوئی ارادہ نہیں۔
واضح رہے کہ پی سی بی نے فاسٹ بولر کی ٹریننگ کے لئے وسیم اکرم کی خدمات حاصل کی ہیں۔