رائل چیلنجرز بنگلور ہوم گراؤنڈ پر ناقابلِ تسخیر ٹیم بن گئی

راجستھان رائلز کومات، سپرکنگز نے نائٹ رائیڈرز کو ہرادیا، جڈیجا کا آل راؤنڈ کھیل۔

راجستھان رائلز کومات، سپرکنگز نے نائٹ رائیڈرز کو ہرادیا، جڈیجا کا آل راؤنڈ کھیل۔ فوٹو: فائل

آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر ناقابل تسخیر بن گئی۔

گذشتہ روز اس نے راجستھان رائلز کو 7وکٹ سے مات دیدی،ناکام سائیڈ 19.4 اوورز میں 117رنزبناکرآؤٹ ہوگئی، شین واٹسن (6) کے جلد میدان بدر ہونے کے بعد کپتان ڈریوڈ 35 اور اسٹورٹ بینی33 رنزبناکر نمایاں رہے، بریڈ ہوج 13رنز تک محدود رہے، ردرا پرتاپ سنگھ اور ونے کمار نے3،3 کھلاڑیوں کوٹھکانے لگایا جبکہ روی رامپال کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں، بنگلور نے ہدف 3وکٹ کے نقصان پر 17.5 اوورز میں حاصل کرلیا،دلشان نے25 اورکرس گیل نے 49کی اننگز کھیلیں، سورابھ تیواری 25 پر ناٹ آؤٹ رہے، شین واٹسن نے 2 وکٹیں لیں۔




قبل ازیں رویندرا جڈیجا کی آل راؤنڈ پرفارمنس کی بدولت چنئی سپرکنگز نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو 4وکٹ سے ہرادیا، میزبان آل راؤنڈر نے 3وکٹیں لینے کے بعد 14 گیندوں پر 36رنز بھی بٹورے،ہوم سائیڈ نے مقررہ اوورز میں 9وکٹ پر 119رنز بنائے، اوپنرز یوسف پٹھان اور کپتان گوتم گمبھیر کے عمدہ آغاز کے باوجود ٹیم بڑا مجموعہ ترتیب نہیں دے پائی،دونوں پلیئرز نے یکساں طور پر25،25رنز اسکور کیے،کیلس بغیر کوئی گیند کھیلے رن آؤٹ ہوئے، ایون مورگن2 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے،رویندرا جڈیجا نے 3 اور روی چندرن ایشون نے 2 وکٹیں لیں۔

چنئی نے ہدف 19.1 اوورز میں 6 وکٹ پر ہدف حاصل کرلیا، رویندرا جڈیجا نے 14 گیندوں پر36 رنز بٹورے، جس میں 3 چوکے اور 3 چھکے شامل رہے، ٹیم میں واپس آنیوالے مائیکل ہسی نے 40 رنزکی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، کپتان دھونی 9رنز بناپائے،لکشمی بالاجی، سچترا سینانائیکے، سنیل نارائن اور کیلس نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا،جڈیجا کو عمدہ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
Load Next Story