متنازعہ کشن گنگا پاور پلانٹ کا افتتاح

بھارت نے کشن گنگا ڈیم مکمل کرکے اپنی پانی کی ضروریات پوری کر لیں۔

بھارت نے کشن گنگا ڈیم مکمل کرکے اپنی پانی کی ضروریات پوری کر لیں۔ فوٹو : فائل

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کے احتجاج کے باوجود مقبوضہ کشمیر میں متنازعہ کشن گنگا پاور پلانٹ کا افتتاح کر دیا ۔پاکستان کشن گنگا ڈیم کو سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیتا رہا ہے مگر بھارتی حکومت اپنا کام کرتی رہی ہے۔پاکستان عالمی فورموں پر احتجاج میں مصروف رہا جب کہ ان فورموں میں بھی بھارتی سفارت کاروں کا غلبہ ہے۔


ادھر امریکا کی بیوروکریسی میں بھارتی نژاد امریکیوں کا تناسب نمایاں ہے لہٰذا بھارت کی بات زیادہ توجہ سے سنی جاتی ہے اور مانی بھی جاتی ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے گنگا کشن ڈیم اور پاور پلانٹ کے افتتاح کے لیے مقبوضہ وادی آمد پر یوم سیاہ منایا گیا اور مکمل ہڑتال کی گئی۔ لیکن ایسی ہڑتالوں اور احتجاج کا بھارتی پالیسی پر کوئی اثر نہیں پڑتا' بھارت نے کشن گنگا ڈیم مکمل کرکے اپنی پانی کی ضروریات پوری کر لیں جب کہ ہماری حالت یہ ہے کہ ہم منگلا اور تربیلا کے بعد ایک بھی بڑا ڈیم تعمیر نہیں کر سکے۔

کالا باغ ڈیم کو کچھ قوتوں نے ناکام بنا دیا جب کہ بھاشا ڈیم بھی تعطل کا شکار ہے' پاکستان کے پالیسی سازوں کا المیہ ہے کہ انھوں نے بھارت کے خلاف نعرے بازی کو جاری رکھا جب کہ پاکستان کی خوشحالی کے لیے کوئی کام نہیں کیا۔ اب بھی وقت ہے کہ پاکستان کے پالیسی ساز بھارت کے خلاف نعرے بازی اور عوام کو جذباتیت میں مبتلا کرنے کے بجائے اپنے ملک کی خوشحالی کے لیے کام کریں اور نئے آبی ذخائر تعمیر کرنے پر توجہ دیں۔
Load Next Story