افغانستان سے سیریز بنگلا ٹی 20 اسکواڈ سے امر القیس کی چھٹی

فاسٹ بولر تسکین احمد اور نور الحسن بھی ڈراپ، مصدق کی واپسی، سومیہ سرکار برقرار

فاسٹ بولر تسکین احمد اور نور الحسن بھی ڈراپ، مصدق کی واپسی، سومیہ سرکار برقرار۔ فوٹو: سوشل میڈیا

بنگلادیش نے اپنے ٹوئنٹی 20 اسکواڈ سے امرالقیس، تسکین احمد اور نورالحسن کی چھٹی کردی۔

بنگلادیش نے آئندہ ماہ افغانستان کے ساتھ بھارت میں شیڈول تین ٹوئنٹی 20 میچز کی سیریز کیلیے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں مصدق حسین کی واپسی ہوئی ہے جنھوں نے آخری ٹی 20 انٹرنیشنل گزشتہ برس سری لنکا میں کھیلا تھا جبکہ فروری میں سری لنکا کے ہی خلاف پہلے ٹیسٹ سے ڈراپ ہونے کے بعد کسی سینئر ٹیم میں ان کی واپسی ہوئی ہے۔

بیٹسمین امرالقیس، فاسٹ بولر تسکین احمد اور وکٹ کیپر نورالحسن کو ڈراپ کردیا گیا ہے، امرالقیس اور نورالحسن سری لنکا میں کھیلی جانے والی ٹوئنٹی 20 ٹرائنگولر سیریز میں ایک بھی میچ کھیلنے کا موقع نہیں ملا تھا جبکہ تسکین احمد کی پرفارمنس مایوس کن رہی تھی۔

اسی ٹورنامنٹ میں بیٹسمین سومیہ سرکار نے پانچ اننگز میں صرف 50 رنز بنائے تھے مگر انھیں ٹیم میں برقرار رکھا گیا ہے، اسی طرح ابو جید اور ابو حیدر کو بھی ایک موقع اور دیا گیا ہے۔


چیف سلیکٹر منہاج العابدین کا کہنا ہے کہ ہم نے سومیہ کے بارے میں سوچا تھا لیکن کپتان شکیب الحسن اور کوچ کورٹنی والش دونوں ہی انھیں ٹیم میں برقرار رکھنے کے حق میں ہیں۔

یاد رہے کہ بنگال ٹائیگرز افغانستان سے 3، 5 اور 7 جون کو بھارتی شہر ڈیرادون میں مقابلہ کریں گے۔ یہ دونوں ممالک کے درمیان مختصر ترین فارمیٹ کی پہلی باہمی سیریز ہے۔

بنگلادیشی اسکواڈ میں کپتان شکیب الحسن، محمود اللہ، تمیم اقبال، سومیہ سرکار، لٹن داس، مشفیق الرحیم، صابر رحمان، مصدق حسین، عارف الحق، مہدی حسن، نظم الاسلام، مستفیض الرحمان، ابو حیدر، روبیل حسین اور ابوجید شامل ہیں۔

 
Load Next Story