اقتدار ملا تو عوام کی محرومیاں ختم کر دینگے پرویزالٰہی

ناکام اسکیموں کے باعث ہمارے دور کا سرپلس پنجاب آج 500ارب کا مقروض ہے

غریب آدمی کی ترقی میں ہی ملک کی خوشحالی ہے، گجرات میں اجتماع سے خطاب۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ ( ق ) کے مرکزی رہنما اور قومی اسمبلی کے امیدوار چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ہم اپنی وزارت اعلیٰ کے دور میں پنجاب میں 900ارب روپے کی غیرملکی سرمایہ کاری لے کر آئے تھے لیکن نواز شریف اور شہباز شریف کی حکومت نے غیرملکی سرمایہ کاروں کو بھگا دیا۔

ہم عوام سے جھوٹے وعدے نہیں کرتے، انتخابات کے نتیجے میں موقع ملنے پر انشا اللہ عوام کی محرومیاں ختم کر دیں گے ۔ وہ گجرات میں این اے 105کے علاقوں ہریانوالہ، لونڈ پورہ اور شادی وال میں انتخابی دفاتر کے افتتاح کے بعد شمس کالونی ہریانوالہ میں اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے میگا پروجیکٹ کی بدولت نہ صرف غیرملکی سرمایہ کاری آ رہی تھی بلکہ بڑی تعداد میں لوگوں کو روزگار ملتا اور صوبے میں خوشحالی آتی۔




انھوں نے ہمارے بڑے بڑے منصوبے ختم کر کے آشیانہ اسکیم ، پیلی ٹیکسی اسکیم، جنگلہ بس سروس، سستی روٹی اور تندور جیسی ناکام اسکیمیں دیں جن کی وجہ سے ہمارے دور کا سرپلس پنجاب آج 500ارب روپے کا مقروض ہے، ہم نے پہلے بھی ملک کے بارے میں سوچا اب بھی ملکی مفاد میں بہتر لائحہ عمل عوام کو دیں گے کیونکہ ہماری سیاست کا محور غریب آدمی ہے اور غریب آدمی کی ترقی میں ہی ملک کی خوشحالی ہے ۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی گجرات دشمنی کی وجہ سے گجرات کے کچھ علاقے ابھی تک بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔
Load Next Story