اولمپئین منصور مرحوم کی بیوی ہونے کی دعویدار سامنے آگئی

خاتون نے منصور احمد کے مالی واجبات کے حصول کے لیے محکمہ کسٹمز سے رابطہ کیا۔

خاتون نے منصور احمد کے مالی واجبات کے حصول کے لیے محکمہ کسٹمز سے رابطہ کیا۔

اولمپئین منصور احمد مرحوم کی بیوی ہونے کی دعویدار خاتون سامنے آگئی۔

اسلام آباد کی رہائشی خاتون کے مطابق وہ سابق اولمپیئن منصور احمد مرحوم کی دوسری بیوی ہیں، ذرائع کے مطابق منصور احمد کی اہلیہ ہونے کی دعویدار خاتون نے منصور احمد کےمالی واجبات کے حصول کے لیے محکمہ کسٹمز سے رابطہ کیا، قبل ازیں وہ قومی مرکز برائے امراض قلب پہنچیں اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے کہا تاہم ادارے نے خاتون کو منصور احمد کا ڈیتھ سرٹیفیکیٹ جاری کرنے سے انکار کر دیا۔


دوسری جانب منصور احمد کے خاندان کے ذرائع کے مطابق میک اپ آرٹسٹ خاتون کی منصور احمد سے علیحدگی ہوچکی ہے جب کہ مزکورہ خاتون کے پہلے شوہر سے دو بچے بھی ہیں، اولمپئین منصور احمد کی اپنی پہلی اہلیہ سے بھی علیحدگی ہوچکی تھی جو ان کے دونوں بیٹوں کے ساتھ امریکا میں مقیم ہیں۔

عارضہ قلب میں مبتلا اولمپئین منصور احمد طویل علالت کے بعد 12 مئی کو کراچی میں انتقال کر گئے تھے۔ دنیائے ہاکی کے بہترین گول کیپرز میں شمار کیے جانے والے 50 سالہ سابق قومی کپتان کے دل کی ٹرانسپلانٹیشن کو ناگزیر قرار دیا گیا تھا تاہم وہ اپنے علاج کی حسرت لیے کسمپرسی کی حالت میں اس دنیا سے کوچ کرگئے۔

واضح رہے کہ منصور احمد کے لواحقین کو60 لاکھ روپے کے واجبات ملنے ہیں جبکہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے بھی نامور ہاکی گول کیپر کے اہل خانہ کے لیے 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
Load Next Story