اسپیکرقومی اسمبلی عبدالحامد بنگلا دیش کے بلامقابلہ صدر منتخب

عبدالحامدحکمراں جماعت عوامی لیگ کےرکن ہیں جبکہ صدارتی انتخابات میں انکےمقابلےمیں کسی اورامیدوارنےکاغذات جمع نہیں کرائے

عبدالحامد بنگلا دیش کے صدر زلررحمان کی وفات کے بعد 20 مارچ سے ملک کے قائم مقام صدر کے عہدے کی حیثیت سے فرائض سر انجام دے رہے تھے۔ فوٹو:فائل

بنگلا دیش کے اسپیکر قومی اسمبلی عبدالحامد بلا مقابلہ ملک کے صدر منتخب ہوگئے ہیں۔


عبدالحامد بنگلا دیش کے صدر زلررحمان کی وفات کے بعد 20 مارچ سے ملک کے قائم مقام صدر کے عہدے کی حیثیت سے فرائض سر انجام دے رہے تھے، الیکشن کمیشن نے آج 69سالہ عبدالحامد جو کہ حکمراں جماعت عوامی لیگ کے رکن بھی ہیں کے بلا مقابلہ صدر منتخب ہونے کا اعلان کیا، ان کے مقابلے میں کسی اورامیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے تھے۔

واضح رہے کہ اس وقت بنگلا دیش کی سیاست کے میدان میں شدید اتار چڑھاؤ کا موسم ہے، حکمراں جماعت کی جانب سے 1971کے واقعات پر بنایا گیا کمیشن اب تک جماعت اسلامی کے کئی رہنماؤں کوسزائے موت اورعمر قید کی سزا سنا چکا ہے جب کہ بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی کے رہنماؤں کے خلاف بھی ٹریبونل میں کیسز چل رہے ہیں، اپوزیشن کا کہنا ہے حکومت کی جانب سے قائم کئے گئے اس ٹریبونل کا مقصد صرف اپوزیشن جماعتوں کو انتقام کا نشانہ بنانا ہے۔


دوسری جانب بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی اور اس کی حامی جماعتوں نے انتخابات ایک نگراں سیٹ اپ کی نگرانی میں کرانے کا مطالبہ کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ اگر انتخابات نگراں حکومت کی نگرانی میں نہیں کرائے گئے تو وہ انتخابات کا بائیکاٹ کریں گے، وزیراعظم شیخ حسینہ نے اپوزیشن جماعتوں کے اس مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات موجودہ حکومت ہی کی نگرانی میں کرائے جائیں گے۔

Recommended Stories

Load Next Story