کراچی میں شدید گرمی ہیٹ ویوکی نئی وارننگ جاری

گرمی کی نئی لہر پیر تک جاری رہے گی جس کے بعد درجہ حرارت میں بتدریج کمی آئے گی

پیرسے کراچی کا درجہ حرارت ایک مرتبہ پھربڑھے گا، ماہرین: فوٹو:رائیٹرز

شہرقائد میں غیرمعمولی گرمی کی لہرختم ہونے کا نام نہیں لے رہی اورمحکمہ موسمیات نے ہیٹ ویوکی نئی وارننگ جاری کردی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں غیرمعمولی شدید گرمی، سمندرہواؤں کی بندش اور بجلی کے طویل لوڈشیڈنگ کے باعث کراچی والوں کی مشکلات کم ہونے کا نام نہیں لے رہیں۔ ایک ہفتے شدید گرمی پڑنے کے بعد ابھی کراچی والوں نے کسی قدرسکون کا سانس لیا تھا کہ گرمی کی نئی لہرنے عوام کو آگھیرا ہے۔ دن 1 بجے پارہ 39 ڈگری سے تجاوزکرگیا ہے جب کہ گرمی کی تپش 42 ڈگری محسوس کی جارہی ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہرمیں ہیٹ ویوکی نئی وارننگ جاری کردی ہے جس کے مطابق شہرمیں ہفتے سے پیرتک درجہ حرارت 42 ڈگری تک رہے گا۔ اس لئے شہری صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک غیرضروری طورپرباہرنہ نکلیں، ہلکے رنگوں کے ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہنیں اور سر پر گیلا رومال ضرور رکھیں۔


اس خبرکو بھی پڑھیں: کراچی میں اگلے ہفتے ایک بار پھر شدید گرمی کا امکان

دوسری جانب ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا جب کہ بالائی خیبر پختونخوا، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش کاامکان ہے۔

واضح رہے کہ مئی کا مہینہ کراچی میں روایتی طور پر گرم ہی رہتا ہے اور اس مہینے کا اوسط درجہ حرارت 37 ڈگری تک رہتا ہے تاہم رواں برس غیر معمولی گرمی پڑی ہے۔

 
Load Next Story