حصص مارکیٹ میں تیزی 42 پوائنٹس کی ریکوری

انڈیکس 18647 پر بند،61 فیصد شیئر پرائسز بڑھ گئیں، مارکیٹ سرمائے میں 6 ارب کا اضافہ

انڈیکس 18647 پر بند،61 فیصد شیئر پرائسز بڑھ گئیں، مارکیٹ سرمائے میں 6 ارب کا اضافہ۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

انسٹیٹیوشنز کی جانب سے مخصوص شعبوں کے علاوہ چھوٹے ودرمیانے درجے کے اسٹاکس میں خریداری سرگرمیوں کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو ایک بار پھر اتارچڑھاؤ کے بعد تیزی کے اثرات غالب ہوگئے جس سے 61 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں6 ارب29 کروڑ63 لاکھ49 ہزار483 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اینگروکے ایک فرٹیلائزر پلانٹ کی گیس سپلائی رکنے کی افواہ غلط ثابت ہونے پراینگروکارپوریشن، فرٹیلائزر سمیت آئل، سیمنٹ سیکٹر کی کمپنیوں اور کم قیمت کے حامل اسٹاکس میں خریداری بڑھنے کے باعث مارکیٹ میں تیزی رونما ہوئی، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس41.74 پوائنٹس کے اضافے سے 18647.29 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس1.10 پوائنٹس کے اضافے سے 14430.12 اور کے ایم آئی30 انڈیکس85.10 پوائنٹس کے اضافے سے 32627.21 ہوگیا۔




کاروباری حجم 28.54 فیصد زائد رہا اور17 کروڑ18 لاکھ71 ہزار790 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ354 کمپنیوں تک محدود رہا، 216 کے بھاؤ میں اضافہ، 120 کے دام میں کمی اور18 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
Load Next Story