بینظیر بھٹو قتل کیس پرویز مشرف کی عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد

راہداری رہمانڈ پر ہونے کی وجہ سے سابق صدر خود عدالت میں پیش نہ ہوسکے۔

لاہور ہائی کورٹ نے بینظیر بھٹو قتل کیس میں پرویز مشرف کی عبوری ضمانے منظور کی تھی۔ فوٹو: فائل

DASKA:
لاہور ہائی کورٹ نے بینظیر بھٹو قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کی عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کردی۔

جسٹس خواجہ امتیاز اور جسٹس عبدالسمیع خان پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کیس کی سماعت شروع کی تو پرویز مشرف کے وکیل سلمان صفدر عدالت میں پیش نہیں ہوئے جبکہ ان کی جونیئر وکیل افشاں عادل پیش ہوئیں ۔ جسٹس خواجہ امتیاز نے افشاں عادل سے پاور آف اٹارنی مانگا جو وہ پیش نہ کرسکیں، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پرویز مشرف پہلے ہی گرفتار ہیں ان کی ضمانت میں توسیع کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا وہ بے نظیر بھٹو قتل کیس میں بھی گرفتار دے دیں۔


کیس کی سماعت کےبعد ایف ائی اے کے پراسیکیوٹر چودھری ذوالفقار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ غیر معمولی ریلیف اس شخص کو دیا جاتا ہے جو معصوم ہو جبکہ پرویز مشرف کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں جن سے پرویز مشرف کی بے نظیر قتل کیس میں مدد ثابت ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کے وارنٹ گرفتاری کی ضرورت نہیں کیونکہ ٹرائل کورٹ کی جانب سے جاری کئے گئے وارنٹ گرفتاری ابھی تک موثر ہیں اس لئے کسی اور عدالت سے وارنٹ گرفتاری حاصل کرنے کی ضرورت نہیں۔

واضح رہے کہ اسی بنچ نے اس سے قبل 5،5 لاکھ روپے کے دو ذاتی مچلکوں کے عوض 24 اپریل تک پرویز مشرف کی عبوری ضمانت منظور کی تھی ۔
Load Next Story