واحد ٹیسٹ افغانستان 4 اسپنرزکیساتھ بھارت پر حملہ آور ہوگا

راشد خان کے ساتھ مجیب الرحمان، امیر حمزہ اورظاہرخان بھی مہارت کا جادو جگائینگے

بنگلہ دیش سے ٹی 20 سیریز کیلیے اسکواڈ بھی ترتیب دیدیاگیا، اصغر استنکزئی کپتان فوٹو: فائل

آئندہ ماہ بھارت سے واحد ٹیسٹ میں افغان ٹیم 4 اسپنرز کے ساتھ بھارت پر حملہ آور ہوگی، افغانستان نے اپنی تاریخ کے پہلے ٹیسٹ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا، جس میں راشد خان سمیت 4 اسپنرز کو جگہ دی گئی ہے، بنگلہ دیش سے ٹوئنٹی 20 سیریز کے لیے بھی نوجوان دستہ بھی ترتیب دے دیا۔


دونوں فارمیٹس کی کپتانی اصغر استنکزئی کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان نے 14 جون سے بنگلور میں بھارت کے خلاف شیڈول واحد ٹیسٹ میچ کے لیے 4 اسپنرز کا انتخاب کیا ہے جن میں فنگر اسپنرز مجیب الرحمان اور امیر حمزہ، رسٹ اسپنرز راشد خان اور ظاہر خان شامل ہیں۔ مجیب اورراشد خان نے بالترتیب کنگز الیون پنجاب اور سن رائزرز حیدرآباد کی جانب سے آئی پی ایل میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ظاہر خان کی خدمات راجستھان رائلز نے حاصل کی تھیں مگر انگلی کی انجری کے باعث وہ یہ ایونٹ نہیں کھیل پائے تھے، رواں برس کے آغاز میں کھیلے جانے والے انڈر 19 ورلڈ کپ میں 19 سالہ ظاہر نے اپنی ٹیم کو سیمی فائنل تک پہنچانے میں اہم حصہ ڈالا تھا۔ لیفٹ آرم آف اسپنر امیر حمزہ کو ڈومیسٹک فرسٹ کلاس میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا صلہ دیا گیا ہے۔

اس میچ کے لیے افغانستان کو اپنے اہم فاسٹ بولر دوالت زدران کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی جوکہ گھٹنے کی تکلیف سے دوچار ہیں۔ افغانستان نے 3 جون سے ڈیرا دون میں بنگلہ دیش کے خلاف شروع ہونے والی تین ٹوئنٹی 20 میچز کی سیریز کے لیے بھی ٹیم کا اعلان کردیا ہے، دونوں فارمیٹس میں ٹیم کی قیادت اصغر استنکزئی کریں گے۔ ٹیسٹ اسکواڈ میں اصغر استنکزئی، جاوید احمد، احسان اللہ، محمد شہزاد، مجیب الرحمان، ناصر جمال، رحمت شاہ، حشمت اللہ شاہدی، افسر زازئی، محمد نبی، راشد خان، امیر حمزہ، سید شیرزاد، یامین احمد زئی، وفادار اور ظاہر خان شامل ہیں۔ ٹوئنٹی 20 دستہ کپتان اصغراستنکزئی، نجیب تاراکئی، عثمان غنی، محمد شہزاد، مجیب الرحمان، نجیب زدران، سمیع اللہ شنواری، شفیق اللہ، درویش رسولی، محمد نبی، راشد خان، گلبدین نائب، کریم جنت، شرف الدین اشرف، شاپور زدران اورآفتاب عالم پر مشتمل ہے۔
Load Next Story