لوٹوں کی علیحدگی پر تمام کارکن خوش ہیں سسی پلیجو

عوام ان سے بیزار آچکے،جلسے سے خطاب،مختلف برادریوں کا پی پی کی حمایت کا اعلان

سسی پلیجو نے کہا کہ لوٹے لوگ اقتدار کی ہوس کے لیے مختلف پارٹیوں میں پناہ ڈھونڈ رہے ہیں۔ فوٹو: فائل

پیپلزپارٹی کی پی ایس85کی امیدوار سسی پلیجو نے یونین کونسل میرپورساکرو کی دیھ چھچھ ''دریاکو'' میں انتخابی مہم کے دوران ایک بڑے جلسے عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین پیپلز پارٹی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت دیکھ کر زبردستی کا واویلا کر رہے ہیں۔


انھوں نے کہا کہ لوٹے لوگ اقتدار کی ہوس کے لیے مختلف پارٹیوں میں پناہ ڈھونڈ رہے ہیں مگر اب ان کے لیے تمام دروازے بند ہوگئے۔ ان کی شمولیت پر ہم نے بھی مخالفت کی تھی مگر پارٹی قیادت کے فیصلے کا احترام کیا، آج ان لوٹوں کی پارٹی سے علیحدگی پر پارٹی کا ہر کارکن اور عام لوگ بھی بہت خوش ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہم انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔ ہر گھر میں شہید رانی بے نظیر بھٹو کی تصویر لگی ہے، اس موقع پرشیخ، لاشاری، ملاح، آمڑہ، عمرانی، دھوکی، واریا، شورا اور دیگر برادریوں نے سسی پلیجو کی حمایت کا اعلان کیا۔
Load Next Story