بے نظیر بھٹو قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف باضابطہ طور پر گرفتار

بینظیر بھٹو کو انتہائی سخت سیکیورٹی دی تھی اور مجھے کیس میں غلط طور پر ملوث کیا جارہا ہے، پرویز مشرف

دوران تفتیش پرویز مشرف جے آئی ٹی ٹیم کی جانب سے کئے گئے سوالوں کا تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔ فوٹو: فائل

بے نظیر بھٹو قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کو باضابطہ طور پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کی ڈپٹی ڈائریکٹر خالد رسول اور انسپکٹر ملک طارق پر مشتمل جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے عدالتی حکم پر پرویز مشرف سے بے نظیربھٹو کے قتل کے حوالے سے چک شہزاد میں واقع ان کے فارم ہاؤس پر تفتیش کی، اس دوران پرویز مشرف جے آئی ٹی ٹیم کی جانب سے پوچھے گئے سوالوں کا تسلی بخش جواب نہ دے سکے جس پر انہیں باضابطہ طور پر گرفتار کرکے کل عدالت سے جسمانی ریمانڈ لینے کی استدعا کی جائے گی۔


دوسری جانب پرویزمشرف نے دوران تفتیش اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کردیا۔ ان کا کہنا تھا انہوں نے بے نظیر بھٹو کو انتہائی سخت سیکیورٹی فراہم کی تھی اور انہیں غلط طور پر کیس میں ملوث کیا جارہا ہے، پرویز مشرف نے بھی اپنی 8 رکنی لیگل ٹیم تشکیل دے دی ہے جو اس حوالے سے ان کے معاملات دیکھے گی۔

واضح رہے کہ آج راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ایف آئی اے کو بینظیر قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف سے تفتیش کی اجازت دے دی تھی۔
Load Next Story