سپریم کورٹ میں کالا باغ ڈیم تعمیر کیس سماعت کے لیے مقرر

48 سال سے ملک میں کوئی ڈیم نہیں بنا جب کہ پاکستان کی بقا پانی پرمنحصر ہے، چیف جسٹس کے ریمارکس

48 سال سے ملک میں کوئی ڈیم نہیں بنا جب کہ پاکستان کی بقا پانی پرمنحصر ہے، چیف جسٹس کے ریمارکس۔ فوٹو:فائل

سپریم کورٹ نے کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے۔

سپریم کورٹ میں ماحولیاتی آلودگی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی اور اس دوران عدالت نے کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کر دیا، عدالت نے پانی کی کمی اور ڈیمز کی تعمیر سے متعلق دیگر مقدمات بھی مقرر کرنے کا حکم دیا ہے۔


سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس میں کہا کہ پانی کی قلت ملک کے لیے سب سے بڑا ناسور ہے، کشن گنگا ڈیم سے دریائے نیلم خشک ہو جائے گا، کئی بار کہہ چکا ہوں کہ پانی کا مسئلہ انتہائی سنگین ہے، آنے والی نسل کو اگر پانی نہ دیا تو کچھ نہیں دیا۔

اس موقع پر درخواست گزار نے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ہر سیاسی جماعت کے لیے انتخابات سے قبل ڈیمز کی تعمیر کا وعدہ لازمی قرار دیا جائے، انتخابات میں ووٹ کے ساتھ کالا باغ ڈیم پر ریفرنڈم کی پرچی بھی شامل کی جائے جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ الیکشن کو کنفیوز نہ کریں، پاکستان کی بقا پانی پرمنحصر ہے لہذا پانی کے مسئلے پر جو بھی ہو سکا کروں گا، 48 سال سے ملک میں کوئی ڈیم نہیں بنا، سپریم کورٹ کی اولین ترجیح پانی کے مسئلے کا حل ہے۔
Load Next Story