ایشین اسنوکر بھارت کا پلیئرز کو پاکستان بھیجنے سے انکار

سیکیورٹی خدشات وجہ، منگولیا کی آمد بھی مشکوک، ایونٹ کا کل کراچی میں آغاز،14 ممالک نے شرکت کی تصدیق کردی۔۔۔

سیکیورٹی خدشات وجہ، منگولیا کی آمد بھی مشکوک، ایونٹ کا کل کراچی میں آغاز،14ممالک نے شرکت کی تصدیق کردی، آصف عمدہ کھیل کے خواہاں۔ فوٹو: فائل

بھارتی حکومت نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اپنے کھلاڑیوں کو ایشین اسنوکر چیمپئن شپ کیلیے پاکستان بھیجنے سے انکار کر دیا۔

ایونٹ ہفتے سے کراچی میں شروع ہو رہا ہے،پاکستان اسنوکر اینڈ بلیئرڈ فیڈریشن کے صدرعالمگیر شیخ کے مطابق چیمپئن شپ میں منگولیا کی شرکت بھی مشکوک ہے، بھارتی وزارت داخلہ نے این او سی جاری کرنے سے انکار کر دیا، بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن نے مہمان ٹیم کو فوری ویزے جاری کرنے کی یقین دہانی بھی کرادی تھی،دیگر14 ممالک نے شرکت کی تصدیق کر دی، فاتح اسکواڈ ٹرافی اور7 ہزار ڈالر انعام کا حقدار ہوگا،ایونٹ کی مجموعی انعامی رقم ساڑھے13 ہزار ڈالرز ہے،عالمگیر شیخ نے یہ بات جمعرات کو مقامی ہوٹل میں پریس بریفنگ میں بتائی۔

اس موقع پر ایشین اسنوکر فیڈریشن کے نائب صدر اور پی بی ایف کے چیئر مین علی اصغر ولیکا، نگران مشیر کھیل سندھ اولمپئن اصلاح الدین صدیقی،کمشنر کراچی شعیب صدیقی اوردیگر بھی موجود تھے، عالمگیر شیخ نے کہا کہ وہ بھارتی اسنوکر فیڈریشن سے مسلسل رابطے میں ہیں، منگولیا کی ٹیم کی آمد بھی تاخیر کا شکار ہو گئی، وہ اب چین کے راستے پاکستان پہنچ سکتی ہے، ہانگ کانگ کے کیوئسٹ کراچی پہنچ چکے جبکہ جمعے کی شام تک دیگرتمام ٹیمیں بھی آ جائیں گی، ان میں قطر،سری لنکا ،افغانستان،ایران،شام ،چین،عراق،جنوبی کوریا،تھائی لینڈ، فلپائن، سنگاپور اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔




سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے اور پلیئرز اسی ہوٹل میں رہائش پذیر ہوں گے جہاں چیمپئن شپ کا انعقاد ہونا ہے، انھوں نے کہا کہ یہ امر پاکستان کیلیے امید افزا ہے کہ ایشین اسنوکر چیمپئن شپ ایسے وقت میں کراچی میں ہو رہی ہے جب دیگر ممالک کی ٹیمیں دورہ کرنے سے گھبرا رہی ہیں۔ عالمگیر شیخ نے کہا کہ چیمپئن شپ کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، مہمان ٹیموں کو سیکیورٹی سمیت تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی،چیمپئن شپ میں شریک 40 کھلاڑیوں کو 8 گروپ میں تقسیم کیا گیا، ہر گروپ میں ایک پاکستانی کھلاڑی کو رکھا گیا ہے۔

کوالیفائنگ راؤنڈز 7 ،پری کوارٹر فائنلزاور کوارٹر فائنلز9، سیمی فائنل 11 اور فائنل 13 فریمز پر مشتمل ہوگا۔ دریں اثنا عالمی اسنوکر چیمپئن محمد آصف نے کہا ہے کہ ایشین اسنوکرچیمپئن شپ میں قومی ٹیم سے عمدہ کارکردگی کی توقعات ہیں،کیمپ میں کھلاڑیوں نے بہترین تیاری کی ہے، پاکستان اسنوکر اینڈ بلیئرڈ فیڈریشن کی پریس بریفنگ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ایشین اسنوکر چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد سے عالمی سطح پر پاکستان کا امیج بہتر اور ملک میں انٹرنیشنل کھیلوں کے دوبارہ آغاز میں مدد ملے گی، محمد آصف نے کہا کہ چیمپئن شپ میں تھائی لینڈ،چین ،ایران اور ہانگ کانگ کے کھلاڑیوں سے سخت مقابلہ متوقع ہے۔

امید ہے کہ پاکستانی کیوئسٹ قوم کو مایوس نہیں کریں گے، انھوں نے کہا کہ قومی چیمپئن شپ کے دوران آنکھ میں تکلیف کے باعث اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے کا افسوس ہے،علاج کے بعد اب میری نظر ٹھیک ہوگئی اور ایونٹ میں اپنی بہتر صلاحیتوں کا مظاہرہ کروں گا، انھوں نے کہا کہ قومی ٹیم میں شامل نیشنل چیمپئن حمزہ اکبر، محمد سجاد، عبدالستار،عمران،سجاد،شاہد آفتاب، بابر مسیح اور ابو صائم بہت باصلاحیت کھلاڑی ہیں،انھوں نے کیمپ کمانڈنٹ نوید کپاڈیہ کی زیرنگرانی سخت محنت کی اورکسی بھی حریف کو شکست دینے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔
Load Next Story