اورنگی ٹاؤن میں پانی کی عدم فراہمی کے خلاف سیکڑوں مکینوں کا احتجاج

مظاہرین نے مختلف مقامات پررکاوٹیں کھڑی کرکے اور ٹائرنذرآتش کرکے طویل سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا

پانی سے محروممشتعل افراد نے مزدا پر ڈنڈے برسائے،پتھراؤ کے بعد شیشے توڑ دیے،آگ لگانے کی کوشش، ٹینکر پر پتھراؤ کر کے واپس بھیج دیا

اورنگی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں پانی کی طویل بندش کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے، شہریوں نے اورنگی ٹاؤن کے مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کرکے اور ٹائر نذرآتش کرکے سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا اور واٹر بورڈ حکام کے خلاف شدید نعرے بازی کی ،مشتعل مظاہرین کی جانب سے مسافر مزدا کوڈنڈوں اور پتھراؤ کے بعد آگ لگانے کی کوشش کی گئی جسے پولیس نے ناکام بنادیا۔


تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاون ایک بار پھر پانی کی طویل بندش بلبلااٹھے اوراورنگی ٹاؤن کے مختلف علاقوں اورنگی ٹاؤن 14نمبر،15نمبر،ساڑھے 11،رئیس امروہی، چشتی ناکہ، ڈسکو موڑ اور اسلام چوک میں پانی کی عدم فراہمی کے باعث شہری سراپا احتجاج ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے اور پانچ سے زائد مقامات اسلام چوک ،اورنگی ٹاؤن پندرہ نمبر، ساڑھے آٹھ نمبر، ڈسکو موڑ، شاہ فیصل چوک اور دیگر مقامات پر ٹائر نذر آتش کرکے سڑکوں کو ٹریفک کے لیے بند کرکے احتجاج شروع کردیا اور واٹر بورڈ حکام کے خلاف شدید نعرے بازی کی،علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ 3مہینوں سے علاقے میں پانی نہیں آرہا ہے، پانی اس وقت دیتے ہیں جب گھروں میں بجلی نہیں ہوتی،رمضان میں بھی پانی سے محروم رکھا ہوا ہے

۔ہمارا روزے رکھنا مشکل ہوگیا،سحرو افطار کے اوقات میں بھی پانی اور بجلی میسر نہیں، شکایات درج کرانے کے باوجود کوئی ایکشن نہیں لیا جاتا ،انتظامیہ سے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جب تک پانی کی فراہمی کو یقینی نہیں بنایا جائے گا احتجاج جاری رکھیںگے،اس موقع پراحتجاجی مظاہرین نے بس پر حملہ کرکے ڈنڈوں اور پتھراؤ کیا اور بس کے شیشے توڑ کر نذر آتش کرنے کی کوشش کی گئی جس کو پولیس نے ناکام بنادیا،علاوہ ازیں پانی کے ایک ٹینکر پر بھی علاقہ مکینوں نے پتھراؤ اور ڈنڈے برسا کراسے واپس روانہ کردیا، پولیس کی نفری بھی جائے وقوعہ پر موجود تھی،احتجاجی مظاہرین میں خواتین،بچے اور بڑے سب شامل تھے، مظاہرین ہاتھوں میں ڈنڈے اور بالٹیاں لیے پانی دو بجلی دو اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔
Load Next Story