ہاکی چیمپئنزٹرافی پلیئرزکیلیے مزید غیرملکی کوچزکی کمک تیار

پاکستانی کھلاڑیوں کی بریڈا میں بھرپور مشقیں،2 مختلف سیشنز میں ٹریننگ

ڈچ پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ برین لومینز کل کیمپ جوائن کر لیں گے،پاکستانی کھلاڑیوںکی بریڈا میں بھرپور مشقیں،2مختلف سیشنز میں ٹریننگ فوٹو: سوشل میڈیا

رواں ماہ شیڈول چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کیلیے مزید غیرملکی کوچز کی کمک تیار ہے، ہالینڈ سے ہی تعلق رکھنے والے سابق پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ برین لومینز جمعرات کوگرین شرٹس کا کیمپ باقاعدہ طور پرجوائن کر لیں گے، کیمپ کے دوران ہی قومی ٹیم کو ہالینڈ ہی کے گول کیپر کوچ کی خدمات بھی حاصل ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق کامن ویلتھ گیمز کے بعد پاکستان ہاکی ٹیم کو ایف آئی ایچ چیمپئنز ٹرافی کا چیلنج درپیش ہے، میگا ایونٹ 23 جون سے یکم جولائی تک ہالینڈ کے شہر بریڈا میں کھیلا جائے گا جس میں پاکستان سمیت ارجنٹائن، آسٹریلیا، بیلجیئم، بھارت اور ہالینڈ کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے ابتدائی مرحلے میں پاکستان ہاکی ٹیم کا کیمپ ایبٹ آباد میں لگایا گیا جس میں پلیئرز کی فٹنس کو بہتر بنانے پر کام کیا گیا، دوسرے مرحلے میں عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں کھلاڑیوں کی گیم میں مہارت پیدا کرنے کی خصوصی مشقیں کرائی گئیں۔ تیسرے مرحلے میں قومی ٹیم کا کیمپ ہالینڈ کے شہر بریڈا میں جاری ہے جس میں غیر ملکی کوچ رولینٹ اولٹمنز ملکی کوچز کے ساتھ مل کر پلیئرز کو خصوصی مشقیں کرانے میں مصروف ہیں۔


ذرائع کے مطابق گذشتہ روز بھی ابتدا میں پلیئرز کو جم ٹریننگ اورپھر مخصوص مشقیں کرائی گئیں۔ ذرائع کے مطابق ہالینڈ سے ہی تعلق رکھنے والے سابق پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ برین لومینز جمعرات کو گرین شرٹس کا کیمپ باقاعدہ طور پر جوائن کر لیں گے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا تھنک ٹینک سمجھتا ہے کہ کسی بھی بڑے ایونٹ میں کامیابی کے حصول کے لیے دوسرے شعبوں کے ساتھ پنالٹی کارنر کا شعبہ خاصی اہمیت کا حامل ہوتاہے، اس لیے یورپ جانے والی جس 22 رکنی ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے اس میں پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ توثیق، علیم بلال، ابوبکر اور عرفان بھی شامل ہیں، کیمپ کے دوران لومیز ان پنالٹی کارنر اسپشلسٹ کو پنالٹی کارنر لگانے کے حوالے سے ٹریننگ کے ساتھ خصوصی ٹپس بھی دیں گے۔

مزید معلوم ہوا ہے کہ اسی کیمپ کے دوران ہالینڈ ہی سے تعلق رکھنے والے گول کیپر ٹرینر، ملائیشیا کے فزیو تھراپسٹ اور آسٹریلوی فزیکل ٹرینر کی بھی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ اس کیمپ کے دوران ہی پاکستانی ٹیم 2 یورپی ٹیموں آسٹریا اور ہالینڈ کے خلاف 4 پریکٹس میچوں میں حصہ لے گی۔ آسٹریا کیخلاف 3 اور ہالینڈ کے خلاف ایک میچ رکھا گیا ہے۔ ہالینڈ کے خلاف واحد میچ 9 جون کو ہونے کا قوی امکان ہے جبکہ آسٹریا کے خلاف پہلا میچ 11جون کو رکھا گیا ہے، 13 جون کو دونوں ٹیمیں ایک بار پھر ایکشن میں دکھائی دیں گی جبکہ تیسرا میچ 14 جون کو رکھا گیا ہے۔
Load Next Story