حکومت میں آئے تو 2 سے 3سال میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کردیں گے شہباز شریف

لوڈشیڈنگ کی ذمہ دار سابق وفاقی حکومت ہے جنہوں نے ملک میں بجلی، گیس کی ترسیل اور تقسیم کو کرپشن کے ذریعے نقصان پہنچایا

لوڈشیڈنگ کی ذمہ دار سابق وفاقی حکومت ہے جنہوں نے ملک میں بجلی، گیس کی ترسیل اور تقسیم کو کرپشن کے ذریعے نقصان پہنچایا،شہباز شریف فوٹو: فائل

سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان آصف زرداری اور(ق) لیگ کی بی ٹیم کے کپتان بن چکے ہیں،حکومت میں آئے تو 2 سے 3 سال کے دوران ملک سے مرحلہ وار بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر دیں گے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے عمران خان کو صدر آصف علی زرداری کی بی ٹیم کا کپتان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے آصف زرداری کو جو کلین چٹ دی ہے، اس پر تو انہیں ورلڈ کپ نہیں کوئی اس سے بڑا کپ ملنا چاہیے ،عمران خان الیکشن کے میدان میں آئیں گے تو انہیں ہر گیند پر چھکا پڑے گا۔


شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کو جس بدترین لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے اس کی ذمہ داری سابق وفاقی حکومت پر آتی ہے جنہوں نے ملک میں بجلی اور گیس کی ترسیل اور تقسیم کے عمل کو کرپشن کے ذریعے نقصان پہنچایا، ان کا کہنا تھا کہ آج ملک میں بجلی کی کمی کی بڑی وجہ سرکلر ڈیٹ ہے مگر حکومت نے اس کی طرف توجہ دینے کی بجائے اپنی کرپشن پرہی توجہ مرکوز رکھی اگر ہمیں حکومت ملی تو 2 سے 3 سال میں مرحلہ وار بجلی کی کمی کا خاتمہ کریں گے۔

شہباز شریف نے کالا باغ ڈیم کے حوالے سے کہا کہ جب تک چاروں صوبے متفق نہ ہوں اس منصوبے کو ہاتھ بھی نہیں لگانا چاہیے، پنجاب میں لائن لاسز سب سے کم ہیں مگر پھر بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ یہاں زیادہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر نواز شریف کی حکومت بنی اورانہوں نے مجھے پانی وبجلی کی وزارت سونپی تو وہ 300 ارب روپے کی بجلی چوری کا خاتمہ کر دیں گے۔

Recommended Stories

Load Next Story