ایک منصوبے کے تحت ایم کیوایم کوانتخابات سے باہررکھنے کی سازش کی جارہی ہے فاروق ستار

ایک طرف ایم کیوایم ہے جو ہرروز لاشیں اٹھارہی ہے اوردوسری جانب ایسی سیاسی جماعتیں ہیں جوجلسے کررہی ہیں، فاروق ستار

ڈاکٹرفاروق ستار نے کہا کہ ایم کیوایم کو سیکیورٹی فراہم کرنے میں نگراں حکومت اورالیکشن کمیشن ناکام ہوگیا ہے۔ فوٹو: فائل

ڈاکٹرفاروق ستار نے کہا ہے کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ایم کیوایم کو انتخابات سے باہررکھنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ دائیں بازوؤں کی جماعتوں کو آگے لایا جاسکے۔


ڈاکٹرفاروق ستار نے کراچی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت نہ صرف ایم کیوایم بلکہ اے این پی اورپیپلزپارٹی کو دہشت گردوں کے رحم وکرم پرچھوڑدیا گیاہے، ایک طرف ایم کیوایم ہے جو ہرروز لاشیں اٹھارہی ہے اوردوسری جانب ایسی سیاسی جماعتیں ہیں جوجلسے کررہی ہیں اوراپنی سیاسی مہم چلارہی ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ انتخابات سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں نہیں بلکہ صرف پنجاب میں ہورہےہیں۔ انہوں نے کہا کہ یکم مارچ سے اب تک ہمارے 65 کارکنوں کو شہید کیا گیا اور اس طرح کی کارروائیوں کا مقصد صرف یہ ہے کہ ایم کیوایم انتخابات کا بائیکاٹ کردے تاکہ دائیں بازوؤں کی جماعتوں کو آگے لایا جاسکے۔

ڈاکٹرفاروق ستار نے کہا کہ ایم کیوایم کو سیکیورٹی فراہم کرنے میں نگراں حکومت اورالیکشن کمیشن ناکام ہوگیا ہے، کیا ایسی صورت میں جب ہمارے اوپر روز حملے ہورہے ہوں صاف، شفاف اورغیرجانبدارانہ اتنخابات کا انعقاد ممکن ہے، ایم کیوایم کو انتخابی عمل سے باہررکھنے کی صورت میں ایک احساس محرومی پیداہورہا ہے اورایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ الیکشن نہیں بلکہ سلیکشن ہے۔ انہوں نے یوم سوگ میں ایم کیوایم کا ساتھ دینے پر کاروباری حضرات اورٹرانسپورٹ برادری کا شکریہ بھی ادا کیا۔

Recommended Stories

Load Next Story