کراچیاے این پی کے دفتر کے قریب دھماکا9 افراد جاں بحقمتعدد زخمی

دھماکا اے این پی کارنر میٹنگ میں ہوا جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے، ڈی آئی جی ویسٹ

دھماکے کی آواز کئی کلو میٹر دور تک سنائی دی اور علاقے میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔ فوٹو: آن لائن

اورنگی ٹاؤن کے علاقے مومن آباد میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے انتخابی دفتر کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور 6 بچوں سمیت 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے نمائندے کے مطابق دھماکا مومن آباد میں اے این پی کے انتخابی دفتر کے قریب ہوا جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور6 بچوں سمیت 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔ دھماکے کی آواز کئی کلو میٹر دور تک سنائی دی اور علاقے میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا جارہا ہے جبکہ پولیس اور رینجرز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیئے ہیں۔ دھماکے سے گاڑیوں، قریبی دکانوں اور گھروں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

ڈی آئی جی ویسٹ ظفر عباس بخاری کے مطابق دھماکا بسم اللہ چورنگی پر اے این پی کی کارنر میٹنگ میں ہوا جس میں اے این پی رہنما بشیر جان کو نشانہ بنایا گیا تاہم وہ خیریت سے ہیں۔ ایس ایس پی راجہ عمر خطاب کا کہنا ہے کہ دھماکے میں بڑی تعداد میں بال بیئرنگ کا استعمال کیا گیا جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا جس میں 10 سے 12 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا تھا اور دھماکا خیز مواد رکشے میں نصب کیا گیا تھا۔


اے این پی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی کے نمائندوں کو مناسب سیکورٹی فراہم نہیں کی جا رہی جس کے باعث دہشت گرد ان کوباآسانی اپنا ہدف بنا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امیدواروں کو مقامی موبائل نمبروں سے دھمکیاں بھی دی جارہی تھیں۔ شاہی سید نے دھماکے کے خلاف اے این پی کی جانب سے کل ملک بھر میں پرامن یوم سوگ منانے کا بھی اعلان تاہم ان کا کہنا تھا کہ کاروبار اور ٹرانسپورٹ بند نہیں رکھا جائے گا جبکہ پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن نے کل سندھ بھر میں اسکولز بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب نگراں وزیر اعلی سندھ زاہد قربان علوی نے بھی دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایم کیوایم کے انتخابی دفتر کو بھی دھماکے کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا جس میں 6 افراد جاں بحق اور 10 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
Load Next Story