رابعہ سٹی رینجرز کا آپریشن اسپتال سے قبضہ ختم کرا لیا

گھر گھر تلاشی اور اسپتال پر چھاپے کے دوران14 افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کیا گیا۔

رابعہ سٹی میں رینجرزکی ٹارگٹڈکارروائی کے دوران گرفتارملزمان اور ان سے برآمد کیا جانے والا اسلحہ صحافیوں کو دکھایا جا رہا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

رینجرز نے گلستان جوہر میں واقع رابعہ سٹی میںقائم نجی اسپتال سے قبضہ واگزار کرالیا۔

ایک سیاسی جماعت کے کارکنوں نے اسپتال پر قبضہ کرکے اس میں اپنا دفتر قائم کیا ہوا تھا ، رینجرز نے علاقے سے انتخابات میں حصہ لینے والی مذکورہ سیاسی جماعت کے امیدوار سمیت 14 کارکنوں کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا ۔

جبکہ اسپتال کو انتظامیہ کے حوالے کردیا گیا ، علاوہ ازیں رینجرز نے شہر کے دیگر علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 29 ملزمان کو حراست میں لیکر ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا ، تفصیلات کے مطابق رینجرز نے گلستان جوہر کے علاقے رابعہ سٹی میں گزشتہ روز آپریشن کیا ، اس دوران رابعہ سٹی کے داخلی و خارجی راستوں پر بھاری نفری تعینات کردی گئی ، آپریشن کے دوران کسی کو بھی علاقے میں داخلے یا باہر جانے کی اجازت نہیں دی گئی ، اپارٹمنٹ میں آمدورفت مکمل طور پر معطل کردی گئی، آپریشن میں لیڈی سرچرز اور کمانڈوز نے بھی حصہ لیا ۔


رابعہ سٹی میں قائم ایک نجی اسپتال پر سیاسی جماعت کے کارکنوں نے قبضہ کیا ہوا تھا جسے واگزار کرالیا گیا، گھر گھر تلاشی اور اسپتال پر چھاپے کے دوران14 افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا، ذرائع نے بتایا کہ حراست میں لیے گئے افراد میں ایک سیاسی جماعت کے کارکن اور حلقہ این اے 255 کے امیدوار مشتاق علی بھی شامل ہیں، حراست میں لیے گئے افراد کو آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر تفتیش کی غرض سے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔



رینجرز کے ترجمان میجر سبطین نے ایکسپریس کو بتایا کہ رینجرز نے گلستان جوہر میں واقع رابعہ سٹی ، اورنگی ٹائون کے مختلف علاقوں اور بن قاسم کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے28 ملزمان کو حراست میں لے لیا ، حراست میں لیے گئے افراد کے قبضے سے مختلف اقسام کے66ہتھیار برآمد ہوئے جن میں رپیٹر، کلاشنکوف، مختلف اقسام کی رائفلیں، پستولیں اور سیکڑوں کی تعداد میں رائونڈز اور کارتوس شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسپتال کا قبضہ واگزار کراکے اس کی انتظامیہ کے حوالے کردیا گیا ہے جس پر انھوں نے رینجرز سے اظہار تشکر بھی کیا، میجر سبطین نے بتایا کہ رینجرز نے ملیر کے سیکٹر 5-G ، میراں ناکہ اور پختون آباد میں بھی آپریشن کے دوران 13 ملزمان کو حراست میں لیکر ان کے قبضے سے2 ہتھیار برآمد کرلیے جبکہ مومن آباد ، نیپئر روڈ اور بولٹن مارکیٹ میں اسنیپ چیکنگ بھی کی گئی، اس دوران 2 افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کرلیا گیا، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
Load Next Story