’’اسلام آباد کی تینوں نشستیں جیتیں گے ‘‘ بڑی جماعتوں کا دعویٰ ایکسپریس فورم

ن لیگ کارکردگی کی بنیاد پر کامیاب ہوگی، حفیظ الرحمن ٹیپو

پی ٹی آئی تھانہ کچہری کلچر تبدیل کرے گی، خرم نواز، ایکسپریس فورم میں اظہار خیال۔ فوٹو: ایکسپریس

وفاقی دارالحکومت سے پاکستان کی بڑی سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں نے اپنی اپنی پارٹی کی کامیابی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سال2018 حقیقی تبدیلی کا سال ہوگا۔

عوام ایک جیسے چہروں سے تنگ آ چکے ہیں، دارالحکومت ہونے کے باوجود یہاں کے نمائندوں نے شہرکی بہتری کیلیے کردار ادا نہیں کیا، یہاں کے رہائشی پانی، بجلی، گیس، سیوریج، تعلیم و صحت، صفائی کے ناقص انتظامات، گلیوں سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ، بے روزگاری، مہنگی رہائش ، مہنگائی اور غربت جیسے مسائل کا شکار ہیں، ان خیالات کا اظہار متحدہ مجلس عمل کے مرکزی رہنما و حلقہ این اے 53، این اے 54 سے امیدوار میاں اسلم ، پیپلز پارٹی کے رہنما و حلقہ این اے 54 سے نامزد امیدوار راجا عمران اشرف، تحریک انصاف کے ضلعی صدر این اے 52 سے نامزد امیدوار راجا خرم نواز اور مسلم لیگ ن کے رہنما اور این اے 54سے امیدوارحفیظ الرحمن ٹیپو نے ''ایکسپریس فورم'' میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

میاں محمد اسلم کا کہنا تھا کہ اسلام آبادکی تینوں نشستوں سے کامیابی حاصل کریں گے، گزشتہ چند سالوں سے ملک میں کرپشن ، منی لانڈرنگ اور بدعنوانیوں کے کیس سامنے آچکے ہیں لیکن کسی ایک کیس میں ایم ایم اے جماعتوںکے کسی لیڈرکا نام شامل نہیں ہے۔


راجا عمران اشرف نے کہا کہ پی پی پی کے خاتمے کی بات کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، الیکشن میں پی پی پی ہر جگہ مقابلہ کرے گی،حلقہ این اے 54کی عوام اس بات کی گواہ ہے کہ حلقے میں ووٹ لینے والوں نے یہاں کے عوام کے ساتھ ظلم کیا ہے۔

حفیظ الرحمن ٹیپو نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے گزشتہ 5 برس کے دوران عوام کی خدمت کی ہے، مسلم لیگ (ن) کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ انتخابات میں بھرپورکامیابی حاصل کریںگی، اسلام آبادکی تینوں نشستوں پر پی ایم ایل (این ) کے ہی امیدوار جیتیں گے۔

راجا خرم نواز نے کہا کہ پی ٹی آئی وفاقی دارالحکومت کی تینوں سیٹوں سے کامیابی حاصل کرے گی، ہم کامیاب ہوکر تعلیمی اداروںکو اپ گریڈ، بچیوں کے نئے اسکول ، اساتذہ کی فراہمی یقینی، داخلوں کے مسائل حل، عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف، قبضہ گروپ، تھانہ کچہری کے کلچر سے لوگوں کو نجات دلائیں گے۔
Load Next Story