پرویز مشرف سے کسی کو کیا خطرہ ہوسکتا ہے چیف جسٹس

پرویز مشرف آئین اور قانون کا سامنا کریں کسی کے لیے خطرے کی بات نہیں ہونی چاہیے، چیف جسٹس

سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کو 13 جون کو طلب کرتے ہوئے وطن واپسی پر گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا تھا فوٹو: فائل

چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے ہیں کہ ہم نے پرویز مشرف کو آنے کو کہا تو اس کا بھی سب کو خطرہ ہو رہا ہے لیکن پرویز مشرف سے کسی کو کیا خطرہ ہوسکتا ہے۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے کل پرویز مشرف کو آنے کو کہا تو اس کا بھی سب کو خطرہ ہو رہا ہے، پرویز مشرف سے کسی کو کیا خطرہ ہوسکتا ہے، پرویز مشرف آئیں اور قانون کا سامنا کریں، کسی کے لیے خطرے کی بات نہیں ہونی چاہیے۔


دو روز قبل چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے پرویز مشرف کی تاحیات نا اہلی کے خلاف دائر اپیل کی سماعت کے دوران سابق صدر و آرمی چیف پرویز مشرف کو 13 جون کو لاہور طلب کرتے ہوئے وطن واپسی پر گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

عدالتی حکم پر تنقید کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا تھا کہ پرویز مشرف ججوں کونظربند کرنے، سانحہ 12 مئی، 2 مرتبہ آئین توڑنے اور اکبر بگٹی قتل میں بھی شامل ہے، پھرکس آئین کے تحت مشرف کواجازت دی گئی، اس کی شق ہمیں بھی پڑھادیں، ایسے شخص کوکیسے گارنٹی دی جا سکتی ہے اورمیں نے بیگم کی عیادت کے لئے تین دن کا استثنیٰ مانگا جو نہیں مل رہا۔
Load Next Story