پاکستان نے بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ کے اہل خانہ کو ہنگامی ویزا جاری کردیا

سربجیت سنگھ کی بیوی،2 بیٹیوں اور بہن کو ہنگامی ویزے جاری کردیئے ہیں جو کل پاکستان پہنچ سکتے ہیں،وکیل

سربجیت سنگھ کو گزشتہ روزکوٹ لکھپت جیل میں سزائے موت کے 2 قیدیوں عامر اور مدثر نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا تھا ۔ فوٹو: فائل

پاکستان نے کوٹ لکھپت جیل میں قیدیوں کے تشدد کے باعث شدید زخمی بھارتی جاسوس سربجیت سنکھ کے اہل خانہ کو ہنگامی ویزا جاری کردیا ہے۔

سربجیت سنگھ کے وکیل اویس شیخ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ سربجیت پر حملے کے بعد اس کے اہل خانہ ان سے مسلسل رابطے میں ہیں اور وہ اس کی صحت کے حوالے سے بہت فکرمند بھی ہیں۔ اس کے اہل خانہ سربجیت سنگھ سے ملنا چاہتے ہیں، اس لئے نئی دہلی میں پاکستانی سفارت خانے نے سربجیت سنگھ کی بیوی،2 بیٹیوں اور بہن کو ہنگامی ویزے جاری کردیئے ہیں جو اتوار تک پاکستان پہنچ سکتے ہیں۔


سربجیت سنگھ کو گزشتہ روزکوٹ لکھپت جیل میں سزائے موت کے 2 قیدیوں عامر اور مدثر نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس کی وجہ سے اس کے جبڑے کی 2 ہڈیاں ٹوٹ گئی تھیں جبکہ سر پر لگنے والی چوٹ کے باعث وہ کومے میں چلا گیا اوراس وقت جناح اسپتال میں وینٹی لیٹرپر ہے، ڈاکٹروں نے اس کی زندگی کے لئے اگلے 24 گھنٹے انتہائی اہم قرار دیئے ہیں.

واضح رہے کہ سربجیت سنگھ کو 1990 میں لاہوراورفیصل آباد میں بم دھماکوں کے الزام میں سزائے موت سنائی گئی ہے جس میں 14پاکستانی شہید ہوگئے تھے، سربجیت کے اہل خانہ کئی بار اس کی سزا کے خلاف رحم کی اپیل کرچکے ہیں جوحکومت پاکستان نے مستردکردی۔
Load Next Story