اسکردو کی جھیلوں میں فش فارمنگ کا منصوبہ شروع

فشریزڈپارٹمنٹ نے بلائنڈ لیک میں 15 پنجرے لگا دیے جن میں ٹرائوٹ مچھلیاں پالی جائیں گی۔

فشریزڈپارٹمنٹ نے بلائنڈ لیک میں 15 پنجرے لگا دیے جن میں ٹرائوٹ مچھلیاں پالی جائیں گی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

وفاقی حکومت کی جانب سے سکردو کی جھیلوں میں مچھلی کی پیداوار کو فروغ دینے کے لیے فش فارمنگ منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے۔

وفاقی وزارت غذائی تحفظ و ریسرچ کے ماتحت ادارے فشریز ڈیولپمنٹ بورڈ کی جانب سے سکردو میں ٹرائوٹ فش فارمنگ کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد وہاں کے لوگوں کو فش فارمنگ کی جانب لا کر ان کے لیے رو ز گار کے مواقع پید اکرنا ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے ٹرائوٹ فش فارمنگ کے لیے شروع کیے جانے والے اس منصوبے پر مجموعی طور پر 5 کروڑ 71 لاکھ روپے کا تخمینہ لاگت ہے اور ٹرائوٹ کیج فارمنگ نامی اس منصوبے کے لیے حکومت کی جانب سے اب تک 1کروڑ 81لاکھ روپے جاری کر دیے گئے ہیں۔


اس منصوبے کے تحت سکردو کی جھیلوں میں ٹرائوٹ فش فارمنگ کے لیے 15/15کے پنجرے لگائے جائیں گے جن سے سالانہ 25من تک مچھلی حاصل کی جا سکے گی جو کہ 10 لاکھ روپے سے زائد مالیت میں فروخت کی جا سکے گی۔

وفاقی حکومت کی جانب سے کیج فش فارمنگ کے تحت اس منصوبے کے لیے اسکردوکی بلائنڈ لیک میں 15پنجرے لگا دیے گئے ہیں اور اس فش فارم میں مچھلی کا بچہ بھی اسٹاک میں ڈال دیا گیا ہے۔

ٹرائوٹ فش فارمنگ کے ذریعے حاصل ہونے والی ٹرائوٹ فش کا وزن ڈھائی سو گرام تک ہو تا ہے جو مچھلی ایک ہزار روپے کلو تک مارکیٹ میں فروخت ہو سکتی ہے۔ اسکردو میں ٹرائوٹ فش فارمنگ کے اس منصوبے کا مقصد وہاں کے مقامی لوگوں کو فش فارمنگ کی جانب لانا ہے تاکہ وہ فش فارمنگ کر کے روز گار حاصل کرسکیں۔
Load Next Story