انتخابات میں طالبان کا سیاسی ونگ حصہ لے رہا ہے شاہی سید

الیکشن کمیشن ،نگراں وزیراعلیٰ اور آئی جی سندھ کیخلاف مقدمے کیلیے درخواست دیدی.

الیکشن کا التوا بڑی تباہی کا باعث ہوگا، اے این پی سندھ کے صدر کی پریس کانفرنس۔ فوٹو: فائل

عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید نے کہا ہے کہ مومن آباد میں گزشتہ شب ہونیوالے دھماکے کی ایف آئی آر الیکشن کمیشن، نگراں وزیر اعلیٰ اور آئی جی سندھ کیخلاف اندراج کی درخواست جمع کروائی جاچکی ہے ۔

اے این پی سانحہ مومن آباد اوردہشت گردی کے باوجود اپنی انتخابی مہم بھرپور انداز میں جاری رکھے گی، دہشت گردوں اور ان کے سیاسی دستوں کیلیے کسی طور پر بھی میدان خالی نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کا آخری دم تک مقابلہ کریں گے ۔ ایم کیو ایم ، اے این پی اور پیپلز پارٹی پر قدغن لگ رہی ہے ، اس طرح ہونیوالے انتخابات صاف وشفاف نہیں ہو سکتے،انتخابات میں طالبان کا سیاسی ونگ حصہ لے رہا ہے اور مختلف حلقوں سے جنرل امیدوار الیکشن میں کھڑے ہیں۔

آئندہ انتخابات نہ تو شفاف ہوں گے اورنہ ہی غیر جانبدار، جس کی ذمے داری نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن پرعائد ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہارانھوں نے ہفتے کی شام اپنی رہائش گاہ مردان ہائوس میں ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پرپارٹی کے صوبائی سکریٹری بشیرجان اوردیگر بھی موجود تھے ۔ شاہی سید نے کہا کہ اگر ہمارے کسی رہنما یاکارکن کونشانہ بنایاگیاتواس کی تمام تر ذمے داری الیکشن کمیشن، نگراں وزیراعلیٰ سندھ اورآئی جی سندھ پولیس پرعائد ہوگی ۔




انھوں نے کہا کہ اگر درخواست پرکارروائی نہ ہوئی تو عدالت سے رجوع کریں گے۔ انتخابی مہم صرف صوبہ پنجاب میں چل رہی ہے جبکہ تین صوبوں میں دہشت گردوں کے تابڑ توڑ حملے جاری ہیں، الیکشن کا التوا بڑی تباہی کا باعث ہوگا ۔ کراچی میں دھماکے سوچی سمجھی سازش کاحصہ ہیں لیکن ان دھماکوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔انھوںنے چیف جسٹس آف پاکستان، ڈی جی رینجرز اور کور کمانڈر سندھ سے مطالبہ کیا کہ سانحہ مومن آباد کا نوٹس لیا جائے اور ان کے ذمہ داران کوکیفرکردار تک پہنچایا جائے اورآئندہ ایسے انسانیت سوزاقدامات کی روک تھام کے انتظامات کیے جائیں۔

شاہی سید نے کہا کہ عمران خان ، نواز شریف ، شہباز شریف اور جماعت اسلامی جلسے کر رہے ہیں جبکہ ایم کیو ایم ، اے این پی اور پیپلز پارٹی پر قدغن لگ رہی ہے ۔ کیا ایسے انتخابات صاف و شفاف ہوسکتے ہیں؟ ۔ انھوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے صبر و تحمل سے کام لیا، رد عمل میںکسی گاڑی کا شیشہ ٹوٹا نہ کوئی دکان بند ہوئی اور نہ کسی شہری کا بال بیکا ہوا اور یوم سوگ کے اعلان کے باوجودآج پورا دن شہر میں کاروباری سرگرمیاں جاری ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ بدستور چلتی رہی اور معاشی سرگرمیوں میں کوئی تعطل پیدا نہیں ہوا ہم نے پارٹی دفاتر اور اپنے گھروں میں شہدا کے ایصال ثواب کے قرآن خوانی کے اجتماعات منعقد کیے۔ آج پوری دنیا گواہ ہے کہ ہم نے عدم تشدد کے فلسفے پر قائم و دائم ہیں اور ہمارا یہ عہد ہے کہ دہشت گردوں کا مقابلہ ہم عدم تشدت سے کرتے رہیں گے۔
Load Next Story