اقتدار کے لالچ میں نہیں بلکہ ملک کو گرداب سے نکالنے کیلئے ووٹ مانگ رہا ہوں نواز شریف

صدرزرداری کی انتخابی مہم ٹی وی اور اخباروں پر ہی چل رہی ہے انہوں نے کچھ کیا ہوتا تو یہ صورت حال نہیں ہوتی،نواز شریف

پاکستان کے نوجوانوں کو سب پتہ ہے کہ کس نے ملک کے لئے کیا کیا، نواز شریف۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا کہ آج غریب کے پاس دو وقت کی روٹی خریدنے کے پیسے نہیں ہیں اور مہنگائی نے عوام کی کم توڑ دی ہے، اس قوم کے 8 سے 9 سال ڈکٹیٹڑ نے برباد کر دیئے اور اس کے بعد 5 سال صدر زرداری نے برباد کر دیئے۔

حویلیاں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ دو دو باریوں کی بات کی جاتی ہے ہمیں باریاں پوری کرنے کہاں دی گئیں، ایک باری 2 سال بعد اور دوسری ڈھائی سال بعد ختم کر دی گئی، اگر مجھے حکومت کے لئے 5 سال دیئے جاتے تو میں موٹر وے حولیاں اور ایبٹ آباد تک تعمیر کرواتا، انہوں نے کہا کہ ہم دوسری پارٹیوں کو گالیاں نہیں دیتے بلکہ ہماری ماضی میں ملک وقوم کے لئے کی گئی خدمت بولتی ہے، ہم نے اپنے دور حکومت میں صرف کرکٹ نہیں کھیلی بلکہ موٹر وے بنائی، ایٹمی دھماکے بھی کئے، ملک میں ڈیم اور گوادر پورٹ بھی ہم نے بنوائے۔ اگر 5 سالوں میں پیپلز پارٹی حکومت نے کچھ دیا ہوتا تو آج انہیں ٹی وی، ریڈیو اور اخبارات میں اشتہاری مہم نہ چلانی پڑتی۔

نواز شریف نے کہا کہ میرا ملک اس وقت مشکل میں گرفتار ہے، میں اس ملک کی یہ حالت اور عوام کی پسماندگی نہیں دیکھ سکتا، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں ریاستی اداروں کو تباہ کر دیا گیا، پی آئے اور ریلوے کا آج برا حال ہے، انہوں نے کہا کہ میں اقتدار کے لالچ میں ووٹ ماننے نہیں آیا بلکہ ملک کو اس گرداب سے نکالنے کے لئے عوام سے ووٹ مانگ رہا ہوں۔


نواز شریف نے کہا کہ نوجوانوں سے جھوٹے وعدے کرکے ووٹ لینا نہیں چاہتے، عوام نے انہیں خدمت کا موقعہ دیا تو پاکستان کے نوجوان ملک میں تبدیلی نہیں انقلاب لائیں گے۔

اس سے قبل مری میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کے جلسے سے ثابت ہوگیا کہ ملک کے نوجوان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہیں کیونکہ پاکستان کے نوجوانوں کو سب پتہ ہے کہ کس نے ملک کے لئے کیا کیا اور کس نے صرف کرکٹ کھیلی، ہم نے کرکٹ بھی کھیلی ہے، ساتھ میں ایٹم بم بھی بنایا،ائیرپورٹس اور بندرگاہیں بنوائیں، انہوں نے ہی اسلام آباد سے مری تک موٹروے بنوائی تھی۔ ان کے اور بھی کئی خواب تھے جو وہ پورے کرنا چاہتے تھے لیکن ملک دشمنوں نے اسے پورا نہ ہونے دیا، اگر انہیں موقع ملا تو ایک دن اسلام آباد سے راولپنڈی، مری اور مظفر آباد تک ٹرین سروس چلائیں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں ملک میں لوڈ شیڈنگ اور دھماکوں اور بدامنی کا نام و نشان تک نہ تھا۔ دنیا پاکستان کی عزت کرتی تھی، پاکستان کو دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت کارتبہ ملا۔ آج نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لیتے پھرتے ہیں کوئی نوکری دینے والا نہیں، نوجوانوں سے جھوٹے وعدے کرکے ووٹ لینا نہیں چاہتے نہ ہی وہ نوجوانوں سے جھوٹے وعدے اور ورغلا کر ووٹ نہیں مانگ رہے۔ اگرعوام نے انہیں خدمت کا موقعہ دیا تو پاکستان کے نوجوان ملک میں تبدیلی نہیں انقلاب لائے گی،ایسے ادارے قائم کئے جائیں گے جو علم و ہنر سے آراستہ نوجوانوں کو چھوٹے کاروبار کے لئے مالی معاونت کریں گے۔

نواز شریف نے کہا کہ صدر زرداری صاحب کی انتخابی مہم صرف ٹی وی اور اخباروں پر ہی چل رہی ہے۔ کاش انہوں نے ملک کے لئے کچھ کیا ہوتا تو آج یہ صورت حال نہیں ہوتی، وہ اگر بجلی کی قلت کی بات کرتے ہیں تو ان پر تنقید کا الزام لگایا جاتا ہے وہ تعریف کرنا چاہتے ہیں لیکن ایسی کوئی بات نظر نہیں آتی جس کی تعریف کی جائے۔
Load Next Story