پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے جولیو ڈیاز کو شکست دے دی

جولیو ڈیاز کے ساتھ مقابلہ زندگی کے مشکل ترین مقابلوں میں سے ایک تھا تاہم خوش ہوں کہ میں جیت گیا،عامر خان

جولیو ڈیاز کے خلاف فتح کے ساتھ ہی عامر خان کے کیرئیر پر چھائے سیاہ بادل چھٹ گئے ہیں۔ فوٹو : اے ایف پی

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے سخت مقابلے کے بعد میکسیکو کے جولیو ڈیاز کو شکست دے دی ہے۔

برطانوی شہر شیفیلڈ میں ہونے والے اس مقابلے میں دونوں جانب سے بھرپور مقابلہ دیکھنے میں آیا، چوتھے راؤنڈ پر عامر خان اپنے حریف کا زوردار مکا کھانے کے بعد گر گئے تھے اس موقع پر ایسا لگتا تھا کہ عامر خان کی شکست یقینی ہے تاہم وہ ایک بار پھر اپنے قدموں پر کھڑے ہوئے اور مخالف پر حملوں کا سلسلہ مزید تیز کردیا، 12 راؤنڈز پر مشتمل مقابلے میں کوئی بھی حریف اپنے مخالف کو ناک آؤٹ نہ کرسکا، مقابلے کے بعد ریفریز نے عامر خان کو متفقہ طور پر فاتح قرار دیا۔


مقابلے کے بعد اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے پاکستانی نژاد برطانوی باکسر نے کہا کہ جولیو ڈیاز کے ساتھ ان کا مقابلہ زندگی کے مشکل ترین مقابلوں میں سے ایک تھا تاہم انہیں خوشی ہے کہ وہ اپنے حریف کو شکست دینے میں کامیاب ہوئے۔

واضح رہے کہ عامر خان اس سے قبل لیومنٹ پیٹرسن اور ڈینی گارشیا سے شکست کے بعد اپنے اعزاز ہار چکے ہیں تاہم جولیو ڈیاز کے خلاف فتح کے ساتھ ہی عامر خان کے کیرئیر پر چھائے سیاہ بادل چھٹ گئے ہیں۔
Load Next Story