مختلف ممالک میں عید الفطر کس طرح منائی جاتی ہے

دنیا بھر میں موجود ممالک میں عید الفطر کا تہوار مختلف طریقوں اور روایتوں سے منایاجاتاہے

رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے اختتام پر دنیا بھر کے مسلمان عید الفطر کاتہوار نہایت جوش وخروش سے مناتے ہیں فوٹو:فائل

رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے اختتام پر دنیا بھر کے مسلمان عید الفطر کاتہوار مذہبی جوش وخروش سے مناتے ہیں عید الفطر کو میٹھی عید بھی کہاجاتا ہے۔ پورا مہینہ روزے رکھنے کے بعد تمام مسلمانوں کیلئے عید الفطر خدا کا دیاہوا تحفہ ہے جس میں تمام لوگ نئے کپڑے پہن کر دوستوں رشتے داروں سے ملنے جاتے ہیں اورانہیں اپنے گھر مدعو کرتے ہیں۔

دنیا بھر میں موجود ممالک میں عید الفطر کا تہوار مختلف طریقوں اور روایتوں سے منایاجاتاہےجس کے باعث اس تہوار کو مزید چار چاند لگ جاتے ہیں۔

مصر:



مصر میں بھی عید الفطر پورے مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جاتی ہے۔ مصر میں یہ تہوار تین دن تک منایاجاتاہےاور اس دوران اسکول کالجز سمیت تمام سرکاری ادارے بند رہتے ہیں۔ مصر میں عید کی شروعات عبادت سے ہوتی ہے۔عید کے پہلےروز مصر کے لوگ دوستوں، رشتے داروں کے گھر جاتے ہیں جب کہ بعد کے دونوں دن سینما، پارکس اور تھیٹرز وغیرہ میں جاکر عید کاجشن مناتے ہیں۔ بچوں کو عام طور پر عید پر کپڑوں کا تحفہ دیاجاتا ہے۔

پاکستان:



پاکستان میں عید کی صبح کا آغاز عبادت سے کیاجاتا ہے، بعد ازاں تمام لوگ گلے مل کر ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دیتے ہیں۔ عید کے روز لوگ غریب لوگوں میں پیسے تقسیم کرتے ہیں جسے 'فطرہ'کہاجاتاہےجب کہ فطرے سے قبل رمضان المبارک میں زکوٰۃ بھی دی جاتی ہے۔ مرد بچوں کو لے کر مساجد کارخ کرتے ہیں جب کہ خواتین گھر میں خوشنما کھانوں کااہتمام کرتی ہیں۔ پاکستان میں عید پر خاص طور پر میٹھی ڈشز بنائی جاتی ہیں۔ اس کے بعد لوگ اپنے دوستوں اوررشتے داروں کے گھر جاتے ہیں اورانہیں اپنے گھر مدعو کرتے ہیں اس کے علاوہ اس دن روایتی کھانوں جیسے بریانی، قورمہ، کڑھائی وغیرہ بہت شوق سے بنائی اورکھائی جاتی ہیں اور چھوٹے بچوں کو بطور عیدی پیسے دئیے جاتے ہیں۔

بھارت:



بھارت اورپاکستان میں عید سے قبل آنےوالی رات کو'چاندرات'کہتے ہیں۔ بھارت میں مقیم مسلمان گھر والوں کے ہمراہ چاند رات کو بازاروں کا رخ کرتے ہیں جب کہ نوجوان لڑکیاں اور خواتین عید کی خوشیاں دوبالا کرنے کے لیے خصوصی طور پر مہندی لگواتی ہیں۔ بھارت میں عید الفطر کا آغاز تمام مسلمان عبادت سے کرتے ہیں اورگلے مل کر ایک دوسرےکو عید کی مبارکباد دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ عید کا جشن منانے کے لیے نئے کپڑے پہنے جاتے ہیں اور بچوں کو پیسے دئیے جاتے ہیں جسے'عیدی'کہتے ہیں۔ اس کے علاوہ گھر میں خواتین میٹھے سمیت روایتی کھانوں کا اہتمام کرتی ہیں۔ بھارت اور پاکستان میں عید کا تہوار تقریباً ایک جیسا منایاجاتاہے۔

بنگلہ دیش:



بنگلہ دیش میں بھی عید پر حکومت کی جانب سے تین چھٹیوں کااعلان کیاجاتاہے، بھارت اور پاکستان کی طرح بنگلہ دیش میں بھی عیدالفطر کاآغاز عبادت سے کیاجاتاہے آدمی بچوں کو لے کر مسجد جاتے ہیں جب کہ خواتین گھروں میں اہتمام کرتی ہیں۔ پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش میں عموماًعید کے روز ایک جیسے کھانوں کا اہتمام کیاجاتا ہے جنہیں سویاں کہتے ہیں، ان تینوں ممالک میں خواتین گھر میں سویاں اور شیر خرمہ بناتی ہیں جسے بہت شوق سے کھایاجاتا ہے۔

سعودی عرب:



مسلمانوں کے مقدس مقامات مکہ مکرمہ اورمدینہ منورہ کی موجودگی کے باعث سعودی عرب دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے۔ عید کے موقع پر سعودی عرب کے لوگ اپنے گھروں کو سجاتے ہیں جب کہ چھوٹے بچے اپنے بڑوں سے بطور عیدی پیسے (ریال)لیتے ہیں اس کے علاوہ سعودی عرب میں کچھ خاندان چھوٹے بچوں کو تحفوں سےبھرے بیگ بھی دیتے ہیں۔ سعودی عرب کے چند علاقوں میں عید کے روز لوگ زیادہ مقدار میں چاول خریدتے ہیں اور انہیں ضرورت مندوں کے دروازوں کے باہر رکھ دیتے ہیں۔

ترکی:




ترکی میں بھی عید الفطر کا تہوارمذہبی جوش و جذبے سے منایاجاتا ہے، ترکی میں عیدالفطر کو'بیرام'کہاجاتا ہے۔ اس دن تمام لوگ بہترین لباس زیب تن کرتے ہیں۔ ترکی میں عید کے موقع پر تمام لوگ اپنے بزرگوں کے دائیں ہاتھ پر احتراماً بوسہ دیتے ہیں جب کہ بزرگ اپنے چھوٹوں کو ان کی پیشانی پر بوسہ دے کر ان سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں۔

افغانستان:



افغانستان میں عید کا تہوار تین روز تک منایاجاتا ہے۔ افغانستان میں پشتو بولنے والے لوگ عید کو'کوچنائیا اختر'کہتے ہیں۔ عید سے 10 روز قبل افغانستان میں گھروں کی صفائی شروع کردی جاتی ہے جب کہ افغانی لوگ بازاروں کارخ کرکے مٹھائی خریدتے ہیں۔ مہمانوں کو عید کے موقع پر خصوصی میٹھا پیش کیاجاتا ہےجسے شورناخود کہتے ہیں اس کے علاوہ جلیبی اور کیک سے بھی مہمانوں کی تواضع کی جاتی ہے جسے واکولچہ کہاجاتا ہے۔



امریکا:



ریاست ہائے متحدہ امریکا میں موجود مسلم کمیونٹیز عید الفطر تین روز تک مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ مناتی ہیں، عید کا آغاز اسلامک سینٹرز میں عبادت کے ساتھ ہوتاہے۔ امریکا میں عید کے روز تمام مسلمان پارکس اور دوسری جگہوں پر اکھٹے ہوتے ہیں اس کے علاوہ تمام لوگ دوستوں رشتے داروں کے گھر جاتے ہیں۔ خوشحال لوگ اسلامک سینٹرز اور مساجد میں زکوٰۃ اور فطرہ دیتے ہیں۔



کینیڈا:



امریکا کی طرح کینیڈا میں بھی مسلم کمیونٹیز کے تعلق رکھنے والے افراد تمام کاموں سے چھٹی لیتے ہیں اورعید کاآغاز اسلامک سینٹرز، کنونشن ہالز اور مساجد میں نماز سے کرتے ہیں۔ ان تمام جگہوں پر عید کی نماز کے بڑے اجتماعات منعقد کیے جاتے ہیں۔ عید کے روز تمام مسلمان ایک دوسرے کے گھر جاتے ہیں اور اس روز گھروں کے دروازے ایک دوسرے کے لیے کھلے ہوتے ہیں دوست رشتے دار آپس میں تحائف کا تبادلہ بھی کرتے ہیں۔

تنزانیہ:



شمالی افریقہ کے ملک تنزانیہ میں عید کی سرکاری چھٹیاں 2 ہوتی ہیں لیکن تنزانیہ کے لوگ تین سے چار دن تک عید کاجشن مناتے ہیں۔ تنزایہ کے لوگ عید پر خصوصی طور پر بسکٹ تیار کرتے ہیں جنہیں دوستوں اوررشتے دارو ں میں بانٹاجاتاہےجب کہ اس تہوار پر مختلف قسم کی ڈشز بھی بنائی جاتی ہیں جن میں 'کاک'اور بکلاوا'مشہور ہے۔

 

چین:



چین میں عید الفطر کے موقع پر دوصوبوں ژن جیانگ اورننگ شیا میں سرکاری طور پر تین روز کی چھٹی ہوتی ہےجب کہ عید الفطرکا تہوار نہایت جوش و جذبے کے ساتھ منایاجاتاہے۔
Load Next Story