افغان صدر کا ملا فضل اللہ کی ہلاکت پر نگراں وزیراعظم اور آرمی چیف سے رابطہ

ملا فضل اللہ کی ہلاکت سے دہشت گردی اور اے پی ایس حملے کے متاثرہ خاندانوں کو ریلیف ملا، آئی ایس پی آر

ملا فضل اللہ کی ہلاکت سے دہشت گردی اور اے پی ایس حملے کے متاثرہ خاندانوں کو ریلیف ملا، آئی ایس پی آر

افغان صدر اشرف غنی نے نگراں وزیراعظم ناصر الملک اور آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے رابطہ کرکے انہیں ملا فضل اللہ کی ہلاکت سے متعلق آگاہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغانستان کے صدر اشرف غنی نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ٹیلی فون کیا اور انہیں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ ملا فضل اللہ کی صوبہ کنٹر میں امریکی ڈرون حملے میں ہلاکت سے آگاہ کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ٹی ٹی پی کمانڈر کی ہلاکت مثبت پیش رفت ہے، ملافضل اللہ 2009 سے افغانستان فرار ہوگیا تھا اور وہی چھپا ہوا تھا جب کہ ملا فضل اللہ پاکستان میں آرمی پبلک اسکول سمیت دیگر کئی دہشت گرد حملوں کا ماسٹر مائنڈ تھا۔


ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ہمیشہ سے یہ موقف اختیار کیا کہ ایک دوسرے کے ساتھ بہترین تعاون اور روابط ہی دہشت گردی کی لعنت کے خلاف موثر جواب ہے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ملا فضل اللہ کی ہلاکت سے دہشت گردی اور اے پی ایس حملے کے متاثرہ خاندانوں کو ریلیف ملا۔



دوسری جانب افغان صدر اشرف غنی نے نگراں وزیراعظم ناصر الملک کو بھی ٹیلی فون کیا اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے کمانڈر کی ہلاکت سے متعلق آگاہ کیا۔
Load Next Story