آخری لمحات میں مصری دفاع پر شگاف پڑ گیا یوروگوئے فتحیاب

محمد صلاح کے بغیر میدان میں اترنے والی ناکام ٹیم گول پوسٹ کے قریب پہنچ کر ہمت ہارتی رہی۔

تسلسل کے ساتھ کھلاڑی تبدیل کرنے کاکسی کوفائدہ نہ ہوا،مصری گول کیپرنے کئی حملے ناکام بنائے۔ فوٹو؛ سوشل میڈیا

آخری لمحات میں مصری دفاع پر شگاف پڑ گیا، یوروگوئے نے ورلڈ کپ کے دوسرے میچ میں ایک گول سے فتح حاصل کر لی۔

روس میں جاری فٹبال ورلڈ کپ کے دوسرے روزگروپ ''اے'' میں 2بار کے چیمپئن یوروگوئے کا سامنا 28سال بعد میگاایونٹ کیلیے کوالیفائی کرنے والی ٹیم مصر سے تھا، کندھے کی انجری کا شکار محمد صلاح کی عدم دستیابی کا صدمہ لیے ایکاٹیرنبرگ کے میدان میں اترنے والے مصرکو ابتدا میں ہی یوروگوئے کی جانب سے تابڑ توڑ حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔

النینی سمیت دفاعی کھلاڑی کسی نہ کسی طور حریف کی کوششیں ناکام بناتے رہے،16ویں منٹ میں یوروگوئے کے ایڈنسن کیوانی نے ایک خطرناک موو پر اچھی کوشش کی لیکن گول کیپر الشناوی راہ میں دیوار بن گئے۔

مصر نے جوابی حملے میں فری کک حاصل کی لیکن السید کے پاس پر گیند فارورڈ مروان تک پہنچنے سے قبل ہی حریف ڈیفنڈرزنے اچک کر ڈی سے دور پہنچا دی، 18ویں منٹ میں لوئیس سواریز کو بھی ٹیم کو برتری دلانے کا ایک سنہری موقع ملا لیکن ایک لو کراس پر وہ بال کو جال میں نہ پھینک پائے۔

میدان کے وسط میں زیادہ تر کھیل جاری رہنے کے بعد 23ویں منٹ میں کیوانی نے ایک اور موقع ضائع کیا۔ چند لمحات بعد ہی سواریز کو ایک شاندار پاس ملا لیکن انتہائی قریب ہونے کے باوجود گیند گول پوسٹ کے بائیں جانب سے گزر گئی۔

یوروگوئے نے اپنی روایتی فارمیشن اور حکمت عملی کے مطابق کھیل پیش کرتے ہوئے دفاع میں شگاف ڈالنے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن مصر نے ڈٹ کر مقابلہ کیا، اس دوران یوروگوئے بھی چند بڑی غلطیاں بھی کیں جس کا مصری فارورڈز فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے۔

پہلے ہاف کے آخری لمحات میں لوئیس سواریز کی کک پر گیند ایک بار پھر گول پوسٹ سے باہر چلی گئی،مصر کا ایک اچھا جوابی حملہ بھی ناکام ہوا۔دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی لوئیس سواریز کو گول پوسٹ سے چند فٹ کے فاصلے پر گیند ملی لیکن مصری گول کیپرحریف فارورڈ سے زیادہ چابکدست نکلے۔


مصر نے انجرڈ طارق احمد کی جگہ مرسی کو میدان میں اتارا،بال پر زیادہ تر قبضہ مصری ٹیم کے پاس رہنے پر تشویش میں مبتلا یوروگوئے نے بھی 2تبدیلیاں کرتے ہوئے 59ویں منٹ میں نینڈیز اور ڈی آراسکیٹا کو باہر بھیج کر سانچیز اور روڈریگوئز کو بلایا۔

مصر کی جانب سے چند اچھی مووز کے باوجود فنشنگ اور محمد صلاح کی کمی شدت سے محسوس ہوئی،مروان کی جگہ تازہ دم محمد کہراباکو میدان میں اتارا گیا،یوروگوئے نے میدان میں پلیئرز تو تبدیل کیے لیکن حکمت عملی بدلنے کی ضرورت نہ محسوس کرتے ہوئے سواریز اور کیوانی پر انحصار جاری رکھا،مصر کی شاندار مزاحمت پر کوئی ''بی'' پلان نہ ہونے پر مایوسی بڑھتی گئی۔

دوسری جانب ناتجربہ کاری مصر کے بھی آڑے آتی رہی،سواریز کو بلاک کیے جانے کے بعد یوروگوئے نے میچ کے 70ویں منٹ میں کارنر حاصل کیا، ٹریز کوئٹ کا شاٹ ڈیفنڈرز کو چکمہ نہ دے سکا،مصر کا جوابی حملہ بھی ناکام ہوا، وردا کو باہر بلاکر رمضان کو کال کیا گیا، انھوں نے چند اچھی مووز میں حصہ ڈالا، اس دوران النینی کی کک پر گیند گول پوسٹ کے اوپر سے گزر گئی،آخری لمحات میں یوروگوئے کے حملوں میں بہت تیزی آگئی۔

کیوانی کے ایک زودار شاٹ پر یقنی گول شیناوی نے بچالیا،انھوں نے دوسری کوشش فری کک پر کی تو بال گول پوسٹ سے ٹکرا گئی،89ویں منٹ میں جوز جمینز نے کارلوس سانچیز کی فری کک پر ملنے والے پاس پر ہیڈرکے ساتھ گیند کو جال میں پھینک کر مصر کی شاندار مزاحمت کا خاتمہ کردیا،کھیل کا اختتام یورو گوئے کی 1-0سے برتری پر ہوا، میچ ہارنے والی مصری ٹیم نے اسٹار کھلاڑی صلاح کے بغیر بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے شائقین کے دل جیت لیے۔

یوروگوئے اور مصر کا مقابلہ،خالی نشستیں رہنے پر فیفا کی جانچ جاری

فیفا نے یاکٹرانبرگ میں جمعے کو یوروگوئے اور مصر کے میچ میں ہزاروں خالی نشستوں کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کردیں۔

فیفا ترجمان نے کہا کہ صنعتی شہر میں تعمیر ہونے والے نئے اسٹیڈیم میں2عارضی اسٹینڈز میں سے ایک میں یوروگوئن اور ایک میں مصری شائقین براجمان رہے لیکن اس کے درمیان ہزاروں نشستیں خالی رہیں، یہ نشستیں تکنیکی طور پر روسی شہریوں کیلیے مختص تھیں۔

فیفا ترجمان نے کہا کہ ہمیں تصدیق کی گئی تھی کہ اس مقابلے کی 32 ہزار278 ٹکٹس فروخت ہوچکی ہیں جبکہ اسٹیڈیم میں شائقین کی گنجائش 33061 ہے، فیفا اس کی جانچ کررہی ہے۔
Load Next Story