کیپ کا سالانہ کنوشن 600 سے زائد کیبل آپریٹرز کی شرکت

ثابت ہو گیا کیبل آپریٹرز متحد ہیں، ایک لیڈنگ نشریاتی ادارہ معاملات خراب کر رہا ہے، فرقان غیاث

چینل مالکان ہمارے معاملات میں مداخلت نہ کریں ،کیپٹن (ر) جبار ، عمران نبی اور دیگر کا خطاب. فوٹو ایکسپریس نیوز

کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (کیپ) کے صدر ملک فرقان غیاث نے کہا ہے کہ کیبل آپریٹرز ہر اس ظلم کی دیوار کو گرا دیں گے جو ان کیلیے مسائل پیدا کرے گی۔

خیبر پختونخوا میں کیبل آپریٹرز کے ساتھ ہونے والی نا انصافی قبول نہیں، شدید لوڈ شیڈنگ کے باعث کیبل آپریٹرز کا کاروبار متاثر ہو رہا ہے، پیمرا 'سی ڈی' کے پیسے آدھے کر دے۔ میڈیا کا ایک ادارہ کیبل آپریٹرز کے درمیان موجود کالی بھیٹروں پر ہاتھ نہ رکھے، اگر ایسا کیا جائے گا تو دونوں کیلیے مشکلات پیدا ہوں گی، کیبل آپریٹرز کے نام پر کروڑوں روپے کھائے گئے لیکن اب ایسا نہیں ہو گا۔ ہم ایسے تمام کیبل آپریٹرز سے دور رہنا چاہتے ہیں جو جنگل کا قانون بنا کر سسٹم چلانا چاہتے ہیں۔ جو لوگ کیبل آپریٹرز کے ساتھ مخلص ہیں ان کیلیے یہ پلیٹ فارم حاضر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے 12 ویں سالانہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر کیپٹن (ر) جبار احمد خان، جنرل سیکریٹری عمران ندیم اور رانا ایوب کے علاوہ صدر خیبر پختونخوا عمران نبی، سندھ سے آصف سوری، صدر بلوچستان عامر پراچہ، پنجاب سے رانا زاہد، بابر بھٹی، صابر شاہ، زبیر خالد اور راولپنڈی سے شیخ ظفر سمیت ملک بھر سے چھ سو سے زائد کیبل آپریٹرز نے شرکت کی۔ ملک فرقان غیاث نے کہا کہ آج کے اجتماع میں کیبل آپریٹرز کی کثیر تعداد نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ ہم متحد ہیں۔ لیکن مجھے افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ ایک لیڈنگ نشریاتی ادارہ کالی بھیڑوںکیساتھ ملکر معاملات کو خراب کر رہا ہے۔

سینئر صدر کیپٹن (ر) جبار احمد خان نے کہا کہکیپ کیبل آپریٹرز کی واحد رجسٹرڈ باڈی ہے جس نے بہت تعمیری کام کیا ہے۔ ایسوسی ایشن اب پھر عہد کرتی ہے کہ اپنے مسائل خود حل کریں گے اور کسی کو اپنا گاڈ فادر نہیں بننے دیں گے۔ کیبل کے کاروبار میں سرمایہ کاری اور آپریشن کے ذمے دار کیبل آپریٹر ہوتے ہیں اس لیے کسی کو چوہدری بننے کی اجازت نہیں دیں گے۔ آج کے بعد کوئی بھی چینل کسی کی خواہش پر نہیں چلے گا، چینل مالکان بھی ہمارے معاملات میں دخل اندازی نہ کریں۔ ہمارے پاس کیبل آپریٹرز کے مسائل کا حل آ چکا ہے اور اس کے بہترین نتائج آنے والے دنوں میں سامنے آ جائیں گے۔




 

انھوں نے کہا کہ پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوی ایشن کے معاملات میں کیبل آپریٹرز نے کبھی مداخلت نہیں کی اس لیے سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کے مالکان بھی ایسوسی ایشن کے معاملات میں مداخلت نہ کریں۔ خیبر پختونخوا کے صدرعمران نبی نے کہا کہ ایک طرف ہمارے صوبے میں دہشتگردی عروج پرہے اور دوسری طرف پیمرا ہمیں کسی قسم کا ریلیف نہیں دے رہا۔ پانچ فیصد ایڈورٹائزمنٹ ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے جو بہت زیادہ ہے اس کو ہنگامی بنیادوں پر کم کیا جائے۔ خیبر پختونخوا میں کیبل آپریٹرز کے لائسنس منسوخ کر دیے گئے۔ ہماری پیمرا حکام سے درخواست ہے کہ کیبل آپریٹرز کے لائسنس عارضی طور پر بحال کیے جائیں اور ایک واضح پالیسی بنائی جائے تاکہ کیبل آپریٹرز اس کے مطابق کام کر سکیں۔

کراچی سے تعلق رکھنے والے کیبل آپریٹر غفران مجتبیٰ نے کہا کہ کیبل آپریٹرز کل بھی ایک تھے اورآج بھی ایک ہیں لیکن کیبل آپریٹرز کو تحفظ فراہم کرنے کیلیے کوئی تیار نہیں۔ کیبل کو مضبوط انڈسٹری بنایا جائے۔ پشاور سے تعلق رکھنے والے کیپ کے سینئر رہنما زبیر خالد نے کہا کہ کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کسی کی جاگیر نہیں۔ اس لیے ایسوسی ایشن کے انتخابات ہونے چاہئیں۔ جو لوگ کیبل آپریٹرز کے حقوق کیلیے کوشش کریں گے وہی سامنے آئیں گے۔ آزاد کشمیرکے صدر عاشق سلہریا نے کہا کہ سی ڈی چینلز پر اتنا ٹیکس لگا دیا گیا ہے کہ اب ہمارا کاروبار متاثر ہو رہا ہے۔

اس حوالے سے حکام کوئی واضح پالیسی بنائیں جس سے کیبل آپریٹرز کو ریلیف مل سکے۔ گوجرانوالہ کیبل آپریٹرز کے صدر صابرشاہ نے کہا کہ کیبل آپریٹرز کا مسئلہ جہاں بھی ہو گا ہم ان کے ساتھ ہونگے۔ ہر طرح کی جانی اور مالی قربانی کیلیے تیار رہیں گے۔ واضح رہے کہ اس کنونشن میں ملک بھر سے کیبل آپریٹرز نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے جو پہلے نہیں ہوا تھا۔ کنونشن میں نظامت کے فرائض جنوبی پنجاب سے رانا ایوب نے انجام دیے تھے۔
Load Next Story