مشرف فیس بک پر سب سے مقبول سیاسی شخصیت بن گئے

سابق صدر کے آفیشل پیج پر اظہار پسندیدگی میں مسلسل اضافہ، لاکھوں تبصرے پوسٹ ہوچکے

اندرون و بیرون ملک مظاہروں کی تصاویر اور رپورٹس شامل، منفی آرا بھی دی جارہی ہیں۔ فوٹو: فائل

سابق صدر پرویز مشرف سوشل میڈیا وی سائٹ فیس بک (facebook)پر زیرتبصرہ سب سے مقبول سیاسی شخصیت بن چکے ہیں۔

پرویز مشرف کے آفیشل فیس بک پیج پر اظہار پسندیدگی Likes کی تعداد 9لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ آفیشل پیج پر پوسٹ (post)کیے گئے مواد پر ہفتہ وار2لاکھ سے زائد تبصرے کیے جارہے ہیں۔ فیس بک پر پرویز مشرف کے بارے میں تبصروں کا گراف 8 اپریل سے مسلسل بلند ہورہا ہے۔ 8سے 14اپریل کے ہفتے کے دوران پرویز مشرف کے آفیشل پیج پر پوسٹ کیے جانے والے مواد کو شیئر(share) اور اس پر تبصرہ (Comments)کرنے والوں کی تعداد85ہزار 234تھی جو19سے25اپریل کے ہفتے کے دوران بڑھ کر 2لاکھ 11ہزار 520تک پہنچ گئی۔




پرویز مشرف کی گرفتاری والے ہفتے 16سے 22 اپریل کے دوران ان کے پیج کے مواد کو شیئر اور تبصرہ کرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 76ہزار سے ایک لاکھ 79ہزار کے درمیان رہی تاہم اس کے بعد سے اس میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ پرویز مشرف کے اسی آفیشل پیج پر مداحوں اور چاہنے والوں کی تعداد 11اپریل تک 8 لاکھ 57 ہزار تھی جو گزشتہ روز تک بڑھ کر 9لاکھ 6ہزار سے تجاوز کرگئی ہے اور11سے 28اپریل کے دوران فیس بک پر پرویز مشرف کی پسندیدگی میں50ہزار fans کا اضافہ ہوا ہے۔

فیس بک گراف کے مطابق 8سے 14اپریل کے ہفتے کے دوران پرویز مشرف کے بارے میں ان کے پیج پر پوسٹ کیے گئے مواد کو پسند کرنے والوں کی تعداد14ہزار455تھی جو اب بڑھ کر 24 ہزار 843تک پہنچ چکی ہے۔ فیس بک پر24مارچ 2013پرویز مشرف کے لیے مقبول ترین دن قرار دیا جارہا ہے۔ پرویز مشرف کے فیس بک پیج پر منفی تبصرے اور آرا بھی پوسٹ ہیں، اس کے ساتھ ان کی گرفتاری کے خلاف ردعمل اور ان کی حمایت میں بیرون ملک کیے گئے مظاہروں کے بارے میں تصاویر اور رپورٹس بھی پوسٹ کی جارہی ہیں۔
Load Next Story