سوئیڈن نے جنوبی کوریا کی خوش فہمی دور کر دی

یورپی ٹیم 1-0 سے فتحیاب، کھیل کے 65ویں منٹ میں آندریس گرانکوئیسٹ نے پنالٹی پر فیصلہ کن گول داغا۔

گروپ ’’جی‘‘ مقابلے میں بیلجیئم نے پاناما کو 3-0سے ٹھکانے لگادیا،لوکاکو نے 6منٹ کے فرق سے 2 بار گیند کو جال کی راہ دکھائی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

فٹبال ورلڈکپ میں سوئیڈن نے جنوبی کوریا کی خوش فہمی دور کردی، نووگوروڈ میں کھیلے جانے والے گروپ ''ایف'' میچ میں فاتح ٹیم پہلے ہاف میں 8 تابڑ توڑ حملوں کے باوجود حریف کے دفاع میں شگاف ڈالنے میں ناکام رہی۔

فٹبال ورلڈکپ کے نووگوروڈ میں کھیلے جانے والے گروپ ''ایف'' میچ کی ابتدا میں سوئیڈن اور جمہوریہ کوریا دونوں نے دفاعی انداز اختیار کیا،کھیل میں تھوڑی تیزی آنے پر 13ویں منٹ میں کورین ایس ڈبلیوکم کو فاؤل پلے پر یلو کارڈ دکھایا گیا،بعد ازاں سوئیڈن نے حریف پر دباؤ بڑھانا شروع کیا۔

آندریس گرانکوئیسٹ اور فورسبرگ نے چنداچھی مووز بناتے ہوئے مواقع بنائے لیکن گول کرنے میں کامیابی نہ حاصل ہوسکی،کھیل کے 25ویں منٹ میں کورین دفاعی کھلاڑیوںنے متعدد غلطیاں کیں، ایک کراس پر فورسبرگ اپنی ٹیم کو برتری دلانے کی پوزیشن میں تھے لیکن گول کیپر جوہیونوو راہ میں دیوار بن گئے، پارک جوہو کو انجری کی وجہ سے باہر جانا پڑا،ان کی جگہ کم منوو میدان میں آئے۔

پہلا ہاف ختم ہونے سے چند لمحے قبل لارسن کا ہیڈر نشانے پر نہ بیٹھا، پہلے ہاف میں سوئیڈن گول پوسٹ پر 8حملوں کے باوجود برتری حاصل کرنے میں ناکام رہا،کوریا کو صرف ایک بار بھرپور حملے کا موقع ملا لیکن فائدہ نہ اٹھایا جاسکا۔

دوسرے ہاف کے آغاز میں سوئیڈن کو ایک اور سنہری موقع ملا،وکٹر کلیسن کے پاس پر فورسبرگ کی زوردار کک پر بال باہر چلی گئی،کورین دفاع کیلیے فاؤل پلے سے باز نہیں آئے اور ایچ سی ہوینگ کو یلوکارڈ دیکھنا پڑا، لارسن کی ہیڈر گول کیپر نے ناکام بناکر سوئیڈن کی بیتابی میں اضافہ کیا،وکٹر کلیسن نے پہلے تو حریف پلیئر کو گرانے پر یلو کارڈ کا سامنا کیا،پھر ایک شاندار کوشش کی اور پنالٹی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے جس پر آندریس گرانکوئیسٹ نے کھیل کے 65ویں منٹ میں گول داغ کراپنی ٹیم کو برتری دلادی۔


کوریا نے اچھی مووز بنانے کیساتھ ایک پنالٹی کک بھی حاصل کی لیکن حریف دفاعی کھلاڑیوں نے تمام کوششیں ناکام بنادیں،سویڈن نے میچ 1-0سے جیت لیا۔سوچی میں کھیلے جانے والے گروپ جی کے میچ میں بیلجیئم نے پاناما کیخلاف جارحانہ آغاز کرتے ہوئے پہلے 10منٹ میں ہی 2مواقع پیدا کیے لیکن گول کیپر جیمی پینیڈو دیوار بنے رہے۔

حریف فارورڈز کی پہلی کوشش پر انھوں نے یانک کراسکو کی کمزور کک روک لی،ڈریز مارٹینز کا خطرناک حملہ ڈائیو لگا کر پسپا کیا،گھبراہٹ میں پاناما کے کپتان رومن ٹورس نے گول کیپر کو غفلت میں بیک پاس دیا لیکن ایڈن ہیزارڈ راہ میں آگئے،خوش قسمتی تھی کہ بیلجیئم اس موقع کا فائدہ نہ اٹھاسکا۔

پاناما کے ایرک ڈیوس اور حریف ٹیم کے تھامس میونیئر کو یلو کارڈ دکھائے گئے،اس کے بعد بیلجیئن ڈی بروئین نے دفاع میں شگاف ڈالنے کی ہر ممکن کوشش کی، 38ویں منٹ میں ایڈن ہیزارڈ بھی حملہ آورہوئے،گول کیپر جیمی پینیڈورا نے ڈائیو لگا کر یقینی گول بچایا،ایڈ جوئیل کو یلو کارڈ کا سامنا کرنا پڑا۔

پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوا۔وقفے کے بعد دوسرے منٹ میں ہی ڈریز مارٹینز نے گول پوسٹ کے بائیں جانب بال کو جال میں پھینک کر بیلجیئم کو برتری دلادی، میچ میں گرما گرمی آنے پر دونوں ٹیموں کے 4 کھلاڑیوں کو یلو کارڈز دکھائے گئے۔ 65ویں منٹ میں ڈی بروئین کی فری کک باہر گئی،تاہم 4منٹ کے بعد ہی انھوں نے لوکاکو کو ایک شاندار کراس پر گول کرنے کا موقع فراہم کیا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انھوں نے ہیڈر کے ذریعے بیلجیئم کی برتری دگنی کردی۔

کھیل کے 75ویں منٹ میں ایڈن ہیزارڈ نے جوابی حملے میں بال کو میدان کے وسط سے سفر کراتے ہوئے لوکاکو کے حوالے کیا،انھوں نے گول کیپر کو چکمہ دیتے ہوئے اسکور 3-0کردیا،مسلسل دو گول داغ کر لوکاکو نے خود کو ایک بار پھر بڑے میچز کا کھلاڑی ثابت کیا۔

بعد ازاں پاناما کے اکا دکا حملے بھی مضبوط بیلجیئن دفاع کیلیے کوئی پریشانی پیدا کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے،آخری لمحات میں فاؤل پلے پر ڈی بروئین کو یلو کارڈدیکھنا پڑا،مجموعی طور یکطرفہ مقابلہ بیلجیئم کے شائقین کو بھرپورخوشیاں منانے کا موقع دیکرختم ہوا۔
Load Next Story