منموہن ماہرین کے برخلاف معاشی بہتری کیلیے پرامید

معیشت رواںمالی سال6.5فیصدسے بھی زیادہ رفتار سے ترقی کرے گی،بھارتی وزیراعظم

معیشت رواںمالی سال6.5فیصدسے بھی زیادہ رفتار سے ترقی کرے گی،بھارتی وزیراعظم (فوٹو ایکسپریس)

بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے اقتصادی ماہرین کی پیشگوئی کے برخلاف امید ظاہر کی ہے کہ ملکی معیشت رواں مالی سال 6.5 فیصد سے بھی زیادہ رفتار سے ترقی کرے گی۔

یاد رہے کہ 31 مارچ2012 کو ختم ہونے والے مالی سال کے دوران بھارتی معاشی نمو 6.5 فیصد رہی تھی۔ بھارتی وزیراعظم کے دعوے کے برخلاف کئی ماہرین اقتصادیات کا خیال ہے کہ رواں مالی سال بھارتی معیشت گزشتہ ایک دہائی کی بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی تاہم من ہوہن سنگھ نے ہفتہ کو نئی دہلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی معیشت کے بنیادی اشاریے مضبوط ہیں، بھارت دنیا کے ان ملکوں میں سے ہے جہاں سرمایہ کاری اور بچتیں بلند ترین سطح پر ہیں، مجھے امید ہے کہ ہم گزشتہ سال کی 6.5 فیصد گروتھ پرفارمنس سے بہتر کارکردگی کامظاہرہ کریں گے۔


بھارتی وزیراعظم کے بیان سے دوایک روز قبل گلوبل ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے مارچ 2013 میں ختم ہونے والے مالی سال کیلیے بھارتی معیشت کی ترقی کے جائزے پر نظرثانی کرتے ہوئے کہا کہ مالی سال 2013 میں معاشی شرح نمو 5.5 فیصد رہے گی تاہم من موہن سنگھ کا کہنا تھاکہ یہ پیش گوئی ہمارے لیے تشویش کاباعث ہے مگر کسی کو اس کے نامناسب مطالب نہیں نکالنے چاہئیں۔ اپوزیشن جماعت بی جی پی کا کہنا ہے کہ من موہن حقائق جھٹلا رہے ہیں۔

پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں بی جی پی کے ہائوس لیڈر ارجن جیٹلے نے کہا کہ معیشت کے مضبوط ہونے پر اصرار سے صاف واضح ہے کہ وزیراعظم بھارتی معیشت کی حقیقی حالت کے خلاف بات کر رہے ہیں، مریض جانتا ہے کہ وہ ٹھیک نہیں مگرعلاج کرانا نہیں چاہتا، من موہن سنگھ کوحالیہ اقتصادی اشاریوں پرہوش میں آنا چاہیے اور معاشی بحالی کیلیے موثر اقدامات کرنے چاہئیں۔ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق بھارتی صنعتی شعبہ جون میں 1.8 فیصد سکڑ گیا۔

Recommended Stories

Load Next Story