پنجاب میں مویشیوں کی مجموعی تعداد 7 کروڑ سے تجاوز

بڑے مویشی2کروڑ89لاکھ،چھوٹے2کروڑ،دیگر8لاکھ،پرندے2کروڑ30لاکھ ریکارڈ

مال شماری2006 میںشروع،12 برس بعدپایہ تکمیل کو پہنچی،محکمہ لائیواسٹاک پنجاب۔ فوٹو : پی پی آئی

پنجاب میں حالیہ مال شماری کے مطابق صوبے میں مویشیو ں کی تعداد 7 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔

محکمہ لائیواسٹاک و ڈیری ڈیولپمنٹ پنجاب کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں حال ہی میں کی گئی مال شماری میں بڑے مویشیوں کی تعداد 2 کروڑ 89 لاکھ 52 ہزار586 ریکارڈ کی گئی ہے۔ چھوٹے مویشیوں کی تعداد 2 کروڑ 5 لاکھ 13 ہزار 796 دیگر مویشیوں بشمول گدھوں، اونٹوں، خچروں کی تعداد 8 لاکھ 70 ہزار 382 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ پرندوں کی تعداد 2کروڑ 30لاکھ 35ہزار 555 ریکارڈ کی گئی ہے۔


محکمہ لائیواسٹاک و ڈیری ڈیولپمنٹ پنجاب کے حکام نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ پنجاب میں مال شماری کے حالیہ اعدادو شمار کے مطابق پنجاب میں مویشیوں کی مجموعی تعداد 7 کروڑ 33 لاکھ 72 ہزار 319 ہو گئی ہے۔

مال شماری کی افادیت و دیگر تفصیلات کے بارے میں ڈائریکٹر محکمہ لائیواسٹاک و ڈیری ڈیولپمنٹ راولپنڈی ڈویژن ڈاکٹر شاہد سجاد اصغر نے بتایا کہ مال شماری کی بدولت تعداد کے لحاظ سے ویکسینیشن کی پلاننگ اور بروقت حفاظتی ٹیکوں کی فراہمی کسی ایک علاقے میں مویشیوں میں کسی مخصوص بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے ہنگامی اقدامات، مویشی بچوں کے ریکارڈ سے آنے والی نسل کے بارے میں آگہی و پلاننگ اور نر اور مادہ کا تناسب معلوم کرنا، مستقبل میں انسانی ضروریات کے پیش نظر پالیسی کی ترتیب و تشکیل، مال برداری کے جانوروں کی درست تعداد کے تناسب سے دیکھ بھال کی پالیسی کی تشکیل، کسی بھی علاقے میں موجود مویشیوں کی تعداد کی مناسبت سے لائیواسٹاک عملے اور اسپتالوں کی دستیابی کو یقینی بنانا اور لائیواسٹاک فارمرز کو ہیلپ لائن 9211 ورچوئل سسٹم کے ذریعے محکمے سے منسلک کرنا اور تمام سہولتوں کا فارمرز تک پہنچانا ممکن ہوتا ہے۔ یہ سب کچھ مال شماری کے ثمرات ہیں۔

پنجاب میں مال شماری کاکام 2006 سے 12 برس بعد پایہ تکمیل کو پہنچا ہے جسے مویشی پال حضرات نے بے حد سراہا اور کہا کہ صوبے میں مویشیوں کی تعداد کے تناسب سے ویٹرنری ڈاکٹرز، عملے، ادویہ اور دیگر سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
Load Next Story