انجانے خدشات نے برازیلین ٹیم کی دھڑکنیں تیز کردیں

اہم ہتھیار نیمار مکمل فٹ،کوسٹاریکا سے میچ کے لیے میدان میں اترنے کوتیار

آئس لینڈنے نائیجیریاکوحیران کرنے کی تیاری کرلی،سربیا وسوئٹزرلینڈبھی مقابل۔ فوٹو : بشکریہ ٹویٹر

انجانے خدشات نے برازیلین ٹیم کی دھڑکنیں تیز کردیں۔

ورلڈ کپ ٹرافی کیلیے سب سے زیادہ فیورٹ سمجھی جانے والی برازیلین ٹیم کی مہم کا آغاز مایوس کن انداز میں ہوا جب سوئٹزر لینڈ سے مقابلہ 1-1 سے برابر رہا۔


ٹیم کو ایک بار پھر مہم کو واپس ٹریک پر لانے کیلیے زیادہ امیدیں نیمار سے ہی وابستہ ہیں، وہ پاؤں کی تکلیف سے نجات حاصل کرنے کیلیے چار ماہ فارغ گزار کر ٹیم میں واپس لوٹے، مگرسوئٹزرلینڈ کے خلاف میچ میں جدوجہد کرتے دکھائی دیے جبکہ حریف کھلاڑیوں نے بھی انھیں نشانے پر رکھا ہوا تھا، اس کے بعد نیمار ٹریننگ کے دوران لنگڑاتے ہوئے باہر گئے تو ان کے حوالے سے خدشات مزید بڑھ گئے، البتہ گذشتہ روز کوسٹا ریکا کے خلاف میچ سے قبل وہ ایک بار پھر ٹریننگ سیشن میں شریک ہوئے۔

ٹیم مینجمنٹ نے اعلان کیا ہے کہ نیمار میچ میں حصہ لیں گے۔ برازیل کیلیے قابل اطمینان بات یہ ہوگی کہ مقابلہ ایک ایسی ٹیم سے ہے جس سے وہ 1960 کے بعد 10 باہمی مقابلوں میں صرف ایک بار ہارے ہیں،کوسٹاریکا کو رواں ایونٹ کے افتتاحی میچ میں سربیا کے ہاتھوں 1-0سے شکست ہوچکی ہے۔

اس فتح سے سرب ٹیم کے حوصلے بھی کافی بلند اور وہ سوئٹزرلینڈ کو زیر کرکے اگلے مرحلے میں جگہ بنانے کیلیے پُراعتماد ہے، اگر ایسا ہوا تو وہ 1998 کے بعد پہلی بار کسی ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ راؤنڈ میں پہنچے گی۔ گروپ ڈی میں نائیجیریا کا مقابلہ آئس لینڈ سے ہوگا جواپنا پہلامیچ ارجنٹائن سے ڈرا کرچکی ہے۔
Load Next Story