خوابوں کی تعبیر

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
مسواک خریدنا
عثمان علی، وہاڑی

خواب :۔ میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر سے نماز ادا کرنے مسجد جاتا ہوں وہاں مسجد کے باہر ایک صاحب مسواک بیچ رہے ہوتے ہیں۔ کافی لوگ ان سے خرید رہے ہوتے ہیں ۔ میں بھی سوچتا ہوں کہ ان سے لے لوں اور پھر میں کافی ساری مسواکیں خرید لیتا ہوں اور وہیں پر مسواک کرنے لگ جاتا ہوں۔ برائے مہربانی فرما کر اس کی تعبیر بتا دیجیئے۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے دین و دنیا دونوں میں بھلائی نصیب ہوگی۔ اللہ وسائل اور رزق میں برکت عطا فرمائیں گے جس کی وجہ سے ادائیگی قرض احسن طریقہ سے مکمل ہوگی۔ گھریلو معاملات میں بھی آسانی ہوگی۔ اولاد سعادت مند اور فرمانبردار ہوگی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور وضو یا بغیر وضو کثرت سے یا اللہ یا رحمن یا رحیم کا بھی ورد کیا کریں۔

گرم کھانے سے منہ جلنا
سویرا خان، اسلام آباد

خواب :۔ میں نے دیکھا کہ میں کالج سے دوپہر کو گھر آتی ہوں تو بہت بھوکی ہوتی ہوں۔ کچن میں امی ابھی کھانا پکا رہی ہوتی ہیں۔ میرے بھوک، بھوک چلانے پر امی مجھے ڈانٹتی ہیں کہ صبر کرو ابھی کھانا پکنے میں وقت ہے۔ پھر امی کسی کام سے کچن سے باہر جاتی ہیں تو میں گرم گرم سالن نکال کر کھانا شروع کردیتی ہوں جس سے میرے ہاتھ اور منہ بری طرح جل جاتا ہے۔ برائے کرم اس کی تعبیر بتا دیں ۔

تعبیر: یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی مصیبت یا مشکل کا سامنا ہوسکتا ہے۔ کسی پریشانی کا سبب بن سکتا ہے۔ زندگی کے معاملات میں کسی ناگہانی مصیبت کا سامنا ہوسکتا ہے۔ معاملات میں کسی رکاوٹ یا بندش کا سامنا ہو سکتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار کا ورد کیا کریں۔ کسی منگل یا ہفتہ کو کالے ماش کالے چنے یا کالا کپڑا کسی مستحق کو دے دیں۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی۔

خالہ گفٹ پیک دیتی ہے
اسماء طارق ،لاہور

خواب :۔ میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنی خالہ کے گھر رہنے آئی ہوں۔ وہاں ان کا پورا سسرال ہے۔ جب میں کچھ دن رہنے کے بعد واپس جا رہی ہوتی ہوں تو خالہ کی ساس مجھے ایک گفٹ پیک دیتی ہیں ۔ جب گھر آکے میں اس کو کھولتی ہوں تو اس میں ایک چھوٹی سی نماز کی کتاب اور ایک زرد رنگ کا انتہائی جھلملاتا ہوا سوٹ ہوتا ہے۔ میرے گھر والے بھی اس کو دیکھ کر بہت خوش ہوتے ہیں کہ آنٹی نے کس قدر نفیس اور خوبصورت قیمتی لباس مجھے دیا ہے۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو کہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کو دین کی سمجھ عطا ہوگی۔ اگر گھر میں کوئی بیمار ہے تو اس کو شفا ہوگی ۔ خدانخواستہ کاروباری یا گھریلو معاملات میں کوئی مسئلہ ہے تو خدا کی مہربانی سے وہ حل ہوجائے گا ۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں اور ہوسکے تو حسب توفیق صدقہ و خیرات بھی کیا کریں۔

فصل جلد تیار ہونا
نعیم بلوچ، لاہور

خواب :۔ میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے آبائی گاؤں گیا ہوا ہوں اور کھیتوں میں گھوم رہا ہوں۔ پھر میں ٹیوپ ویل سے فصلوں کو پانی لگا دیتا ہوں جس سے دیکھتے ہی دیکھتے تمام فصل اسی وقت پک کر تیار ہوجاتی ہے۔ میں یہ دیکھ کر بہت حیران ہوتا ہوں اور سوچتا ہوں کہ اتنی جلدی کیسے فصل پک کے تیار ہوگئی اس کو تو تیار ہونے میںکم از کم چھ مہینے چاہیے ہوتے ہیں۔ میں یہ دیکھ کر بہت خوش ہوتا ہوں۔ اسی وقت میرے بھائی ادھر آجاتے ہیں تو وہ بھی یہ دیکھ کر بہت خوش ہوتے ہیں۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے آپ کو کامیابی ملے گی۔ خوشخبری بھی دلیل کرتا ہے۔ یہ خواب جس سے کاروبار میں برکت ہو گی اور ترقی ہو گی۔ گھر میں آرام اور سکون بھی رہے گا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

تالاب میں نہانا
احمد نصیر، لاہور

خواب:۔ میں نے دیکھا کہ ہم سب دوست کہیں گھومنے گئے ہوئے ہیں۔ کافی پر فضا مقام ہوتا ہے۔ میں اور میرے دوست بہت خوش ہوتے ہیں اور سب ادھر ادھر گھومنے لگتے ہیں۔ اسی دوران ہم کو ایک انتہائی صاف شفاف پانی کا تالاب نظر آتا ہے۔ میں فوراً اس میں چھلانگ لگا دیتا ہوں اور انتہائی برفیلے پانی میں نہانے لگتا ہوں جس سے مجھے بے حد خوشی ملتی ہے۔ تازگی کا احساس ہوتا ہے اور لگتا ہے کہ جیسے نہا کر نیا ہو گیا ہوں۔ میرا پانی میں سے نکلنے کا دل ہی نہیں کرتا۔ دل چاہتا ہے کہ یونہی اس میں نہاتا رہوں ۔ مگر اس کے بعد مجھے نہیں یاد شائد آنکھ کھل گئی۔

تعبیر:۔ ماشااللہ بہت اچھا خواب ہے۔ خوشخبری و خوش نصیبی پر دلیل کرتا ہے۔ ہو سکتا ہے کہ اگر آپ خدا نخواستہ کسی بیماری میں مبتلا ہیں تو اس سے بھی شفا یاب ہوں گے۔ زندگی میں راحت اور آرام ہو گا ۔آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں اور اگر ہو سکے تو اللہ کی راہ میں کچھ خیرات بھی کریں۔

خوش ذائقہ دودھ
انیسہ مغل،گوجرانوالہ

خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں صبح، صبح باغ میں سیر کرنے آئی ہوں اور وہاں ایک آدمی بہت بڑے بڑے برتنوں میں دودھ ڈال کر بیچ رہا ہوتا ہے۔ میں اس کے پاس رکتی ہوں اور اس سے دودھ ایک چھوٹی سی پیالی میں لے کر پیتی ہوں جو کہ انتہائی خوشبودار اورلذیز لگتا ہے۔ میں اس سے برتن بھر کر خرید لیتی ہوں۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اگر آپ حاملہ ہیں تو اللہ تعالیٰ اپنی مہربانی سے ایک فرزند سے نوازے گا۔ کسی بزرگ سے روحانی فیض بھی مراد ہو سکتا ہے ۔ غرض اس خواب کا مطلب خوشی بزرگی اور بڑوں سے سعادت حاصل ہونا ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاشکور یا حفیظ کا ورد بھی کیا کریں۔ کچھ صدقہ و خیرات بھی ممکن ہو تو کریں۔

نئے پل کی تعمیر
اصغر منیر، سرگودھا

خواب: میں نے دیکھا کہ ہمارے گاؤں کا پل جو بہت عرصے سے ٹوٹا پڑا ہے ، اس کی جگہ نیا پل تعمیر کیا جا رہا ہے۔ میں بھی قریب جا کر کھڑے ہوکر لوگوں کو باتیں کرتا دیکھتا ہوں اور سب کی ہاں میں ہاں ملاتا ہوں ۔ سب بہت خوش ہو رہے ہوتے ہیں کہ اب شہرجانا سب کے لئے آسان ہو جائے گا ۔اس کے بعد مجھے میرے گھر والوں نے جگا دیا ۔

تعبیر:۔ یہ خواب اچھا ہے اور ترقی کو ہی دلیل کرتا ہے۔ یہ آسانی آرام اور سکون کو ظاہر کرتا ہے۔ اگر آپ کاروبار سے منسلک ہیں تو اس میں برکت ہو گی جس سے مال اور وسائل میں برکت ہو گی۔ اگر کہیں ملازمت کرتے ہیں تو اس میں یقینی طور پر ترقی ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد بھی کریں۔

دوست کا والد پھل دیتا ہے
محمد منیر خرم ، گوجرانوالہ

خواب :۔ میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے دوست کے باغات میں گیا ہوا ہوں ۔ ان کے پھلوں کے باغات ہوتے ہیں۔ وہاں بہت پھل لگا ہوتا ہے۔ میں ان کی تعریف کرتا ہوں تو اس کے ابو کافی پھل مجھے اتروا کر دیتے ہیں۔ میں وہیں باغ میں بیٹھ کر کھانے لگ جاتا ہوں ۔ اس میں مختلف پھل ہوتے ہیں جو کہ انتہائی لذیز اور خوشبودار ہوتے ہیں ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے اور زرق میں برکت کو ظاہر کرتا ہے۔ اس سے مراد ایک فرزند بھی ہو سکتا ہے جو آپ کی عزت و توقیر میں اضافہ کا باعث ہو گا ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور یا شکو ر اور یا حفیظ کا ورد کیا کریں ۔

مزار پر حاضری
مخدوم خاور، وہاڑی


خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے بزرگوں کے مزار پر موجود ہوں اور وہاں درود پاکؐ کا ورد ہو رہا ہوتا ہے۔ میں بھی اس محفل میں شامل ہو جاتا ہوں اور سب کے ساتھ مل کر درود شریف پڑھنے لگ جاتا ہوں۔ اس کو پڑھتے ہوئے مجھے بڑا سکون ملتا ہے اور آنکھیں بھی نم ہو جاتی ہیں ۔

تعبیر : ۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے کسی روحانی بزرگ سے آپ کی ملاقات ہو گی اور روحانی فیض بھی ملے گا ۔ آپ کے رزق حلال میں برکت ہو گی اور مزید آسانیاں بھی ہوں گی۔ گھر میں آرام و سکون ہو گا ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں اور رات کو سوتے وقت سیرت طیبہؐ کا مطالعہ ضرور کیا کریں ۔

تنگ جوتا پہننا
المارہ غزل، لاہور

خواب :۔ میں نے دیکھا کہ میں نیا جوتا پہن کر کالج جا رہی ہوں مگر گھر سے نکلتے ہی مجھے اس بات کا احساس ہو جاتا ہے کہ یہ مجھے کافی تنگ ہے اور بہت کاٹ رہا ہے ۔ میں کافی مشکل سے چلتی ہوئی آگے بڑھتی ہوں مگر دو قدم چلنا بھی دوبھر ہو جاتا ہے ۔

تعبیر:۔ یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کر ے کوئی مشکل پیش آ سکتی ہے۔ گھر یا کاروباری معاملات سے اس کا تعلق ہو سکتا ہے ۔ اگر آپ شادی شدہ ہیں تو تعلقات میں کشیدگی بھی آسکتی ہے۔ آپ ہر نماز کے بعد استغفار کی تسبیح لازمی پڑھیں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

بزرگ لاٹھی دیتے ہیں
ذوالفقار علی، لاہور

خواب :۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں کہیں گرمیوں کی چھٹیاں گزارنے آیا ہوا ہوں اور رات بھر رکنے کے لئے کسی خانقاہ جیسی جگہ میں رک جاتا ہوں۔ وہاں کافی رعب دار سی شخصیت والے بزرگ ہوتے ہیں جو کہ سب کو بعد از عشاء لیکچر دے رہے ہوتے ہیں۔ کافی عجیب عجیب سے لوگ وہاں آ رہے ہوتے ہیں ۔ میں بھی عشاء سے فارغ ہو کر وہاں ان کا خطاب سننے لگ جاتا ہوں ۔ وہ سیرت النبیؐ پر روشنی ڈال رہے ہوتے ہیں۔ ان کا انداز بیان انتہائی خوب صورت ہوتا ہے کہ نہ چاہتے ہوئے بھی آنکھیں نم ہو جاتی ہیں۔ جب سب لوگ جانے لگتے ہیں تو وقت رخصت وہ مجھے ایک انتہائی خوبصورت سی لاٹھی دیتے ہیں جو کہ شائد صندل کی لکڑی سے بنی ہوتی ہے۔ اس سے خوشبو پھوٹ رہی ہوتی ہے۔ میں وہ لکڑی کی انتہائی دیدہ زیب لاٹھی لے کر بہت خوش ہوتا ہوں ۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو ظاہر کر تا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کی عزت و وقار میں اضافہ ہو گا۔ آپ کی رسائی حکومت اور اہل اقتدار تک ہو گی ۔ اللہ تعالیٰ بے حساب رزق عطا کریں گے اور اس کی برکت سے روزی اور مال و وسائل میں بھی اضافہ ہو گا۔ اپنے حلقہ احباب میں بھی عزت اور توقیر ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ اداکیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد جاری رکھیں۔

گھر میں پودا لگانا
نبیلہ علی، لاہور

خواب:۔ میں نے خواب دیکھا کہ میرے ابو نے صحن میں ایک پودا لگایا۔ اگلے دن ہم سو کر اٹھے تو دیکھا کہ ایک ہی دن میں وہ بہت بڑا ہو چکا ہے۔ ہم یہ دیکھ کر حیران ہوتے ہیں۔ اس سے اگلے دن اس کا سائز مزید بڑا ہو چکا ہوتا ہے۔ مزید چند دنوں میں وہ باقاعدہ ایک درخت بن چکا ہوتا ہے اور اس کی انتہائی خوش رنگ شاخیں گھنی ہوکر خوب چھاؤں دے رہی ہیں۔

تعبیر: ۔ بہت اچھا خواب ہے جو کہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی و رحمت سے آپ کے رزق میں فراوانی ہو گی۔ کاروبار میں برکت ہو گی اور اضافہ ہو گا جس سے مال و وسائل میں بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔

گاؤں کا تالاب خشک ہوتا ہے
خاور جتوئی، لیہ

خواب-: میں نے دیکھا کہ میں شہر سے اپنے گاؤں کی طرف جا رہا ہوتا ہوں تو راستے میں گاؤں کا ایک بہت بڑا تالاب آتا ہے۔ یہ تالاب اس گاؤں کے بندوں نے بنایا تھا اور جب میں تالاب کو دیکھتا ہوں تو وہ مکمل طور پر خشک ہو چکا ہوتا ہے۔ میں تالاب کو خشک دیکھ کر بہت زیادہ پریشان ہو جاتا ہوں، پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر-:یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی غم یا پریشانی آ سکتی ہے۔ کاروبار میں نقصان ہونے کا اندیشہ ہے، جس سے مال اور وسائل دونوں میں کمی واقع ہو سکتی ہے۔ دوست احباب سے تعلقات خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔ رزق میں کمی بھی ہو سکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار کیا کریں۔ کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں۔

سانپ پکڑ لیتا ہوں
نواز، خانپور

خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں لیٹا ہوا ہوتا ہوں اور میر ی نظر سامنے دروازے پر پڑتی ہے۔ میں دیکھتا ہوں کہ ایک سانپ نہ جانے کہاں سے میرے کمرے کی طرف آ رہا ہوتا ہے۔ میں جلدی سے ایک چھڑی کی مدد سے سانپ پر قابو پالیتا ہوں اور پھر اس کو پکڑ کر مار دیتا ہوں۔ مارنے کے بعد اس کو اٹھا کر وہاں ایک کھڈے میں پھینک دیتا ہوں اور پھر اوپر سے مٹی ڈال دیتا ہوں تو میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے فضل و کرم سے آپ کو دشمن پر فتح دیں گے اور آپ اس پر قابو پا لیں گے۔ اللہ تعالیٰ آپ کے وسائل اور مال میں برکت عطا فرمائیں گے۔ کاروبار میں اضافہ ہو گا۔ مشکلات پر قابو پانا آسان ہو جائے گا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد بھی کریں۔ کسی بھی منگل یا ہفتہ کے دن کالے ماش' کالے چنے اور کالا کپڑا صدقہ کردیں۔

انار خریدتا ہوں
اویس نور،کوئٹہ

خواب: میں نے دیکھا کہ میں بازار میں کچھ خریدنے کیلئے جاتا ہوں۔ پھر ایک دوکان کے سامنے سے ایک ریڑھی والے سے ایک خوبصورت انار خریدتا ہوں۔ وہ انار دیکھنے میں بڑا خوبصورت اور اچھا لگتا ہے۔ میں دوکاندار کو اس کی قیمت ادا کرنے کے بعد انار گھر لے آتا ہوں۔ گھر آ کر اس کو چھری سے کاٹتا ہوں ۔ اس کے دانے بڑے خوشنما اور سرخ ہوتے ہیں۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے کاروبار میں اضافہ ہو گا جس سے آپ کے وسائل اور مال میں ترقی ہو گی۔ اللہ تعالیٰ آپ کو ایک صالح فرزند سے نوازیں گے جس سے آپ کے خاندان کی عزت اور توقیر ہو گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے وضو یا بغیر وضو کے یا حی یا قیوم کا ورد بھی جاری رکھیں۔ رات کو سونے سے پہلے نبی کریمؐ کی سیرت پاک کا مطالعہ ضرور کیا کریں۔

باجرہ کی روٹی
فاطمہ ملک، ساہیوال

خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنی خالہ کے گاؤں میں ہوں۔ میری خالہ میرے لئے دوپہر کو باجرہ کی روٹی اور ساگ لے کر آتی ہے۔ لسی اور مکھن بھی ساتھ رکھا ہوتا ہے۔ وہ گرم گرم باجرہ کی روٹی کے اوپر ایک مکھن کا پیڑا رکھتی ہے جس سے روٹی نرم ہو جاتی ہے۔ میں ساگ کے ساتھ وہ روٹی کھاتی ہوں تو مجھے بڑا مزہ آتا ہے اور میری خالہ سامنے بیٹھی محبت بھری نگاہ سے دیکھتی ہے تو میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا۔ اللہ تعالیٰ مال اور وسائل میں کشادگی عطا فرمائیں گے۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ کوئی دلی مراد جلدی پوری ہو جائے۔ گھر میں آرام اور سکون میں اضافہ ہو گا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا شکور کا ورد بھی جاری رکھیں۔

سونے کا بازو بند
جہان آرا بیگم،کراچی

خواب: میں نے دیکھا کہ میرے شوہر جب کام سے واپس آتے ہیں تو ان کے ہاتھ میں ایک ڈبہ ہوتا ہے۔ وہ ڈبہ لا کر مجھے دے دیتے ہیں جب میں وہ ڈبہ کھولتی ہوں تو اس میں سونے کا ایک با زو بند ہوتا ہے جس کے اوپر بڑے خوبصورت سرخ اور نیلے رنگ کے نگینے لگے ہوتے ہیں۔ میں جلدی سے اپنے میاں صاحب سے کہتی ہوں کہ وہ میرے بازو کے اوپر یہ بازو بند باندھ دیں۔ میں خوشی سے بے قرار ہو جاتی ہوں۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:اچھا خواب ہے جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ میاں بیوی کے درمیان محبت اور عزت میں اضافہ ہو گا۔ گھر میں آرام اور سکون نصیب ہو گا جس سے مال اور وسائل میں برکت ہو گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں اور اللہ کی راہ میں کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں۔
Load Next Story